سائیکلون طوفان ’بلبل‘ سے مغربی بنگال میں 10 لوگوں کی موت

06:41 PM Nov 11, 2019 | دی وائر اسٹاف

 مغربی بنگال میں سائیکلون طوفان سے 2.73 لاکھ فیملی متاثر ہوئے ہیں۔بنگال کی کھاڑی کے پاس ساحلی اضلاع میں سائیکلون کی وجہ سے 2473 گھر پوری طرح سے اور 26000 گھر جزوی طور پر برباد ہوئے ہیں۔

مغربی بنگال میں بلبل طوفان سے مچی تباہی (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

نئی دہلی: سائیکلون طوفان’بلبل ‘مغربی بنگال کے ساحلی اضلاع میں دستک دےچکا ہے۔ سائیکلون کے اثر سے ریاست کے مختلف حصوں میں 10 لوگوں کی موت ہو گئی اور 2.73 لاکھ فیملی متاثر ہوئے ہیں۔ اتوار کی صبح تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ تیز ہواؤں کی وجہ سےسیکڑوں درخت اکھڑ گئے اور شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ اور مشرقی مدناپوراضلاع میں بجلی کے تار ٹوٹ گئے، جس سے معمولات زندگی تھم گئی۔

 ریاست کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر جاوید خان نے کہا کہ بنگال کی کھاڑی کےپاس ساحلی اضلاع میں سائیکلون  کی وجہ سے 2473 گھر برباد ہوئے ہیں اور دیگر 26000 گھر جزوی طور پر برباد ہوئے ہیں۔جانکاری کے مطابق، بشیرہاٹ اور شمالی 24 پرگنہ ضلع میں بارش سے جڑےواقعات میں جن آٹھ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ان میں بشیرہاٹ اور ہنگل گنج میں دو-دو،سندیشکھالی، گوسابا اور نندی گرام میں تین خواتین نے اپنی جان گنوا دی۔

سائیکلون طوفان’بلبل ‘ کی وجہ سے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اگلے ہفتہ شمالی بنگال کا اپنا سفر ردکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ سوموار کو نامکھانا اور بکھالی کے آس پاس متاثر ہ علاقوں کا ہوائی سروے کریں‌گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی سے بات چیت کی اور اس آفت سے نپٹنے کے لئے ریاست کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔مغربی بنگال میں سائیکلون طوفان سے 2.73 لاکھ فیملی متاثر ہوئے ہیں۔بنگال کی کھاڑی کے پاس ساحلی اضلاع میں سائیکلون کی وجہ سے 2473 گھر برباد ہوئے ہیں اور دیگر 26000 گھر جزوی طور پر برباد ہوئے ہیں۔

مودی نے ٹوئٹ کر کے کہا، ‘سائیکلون  کی صورتحال اور مشرقی ہندوستان کے کئی حصوں میں شدید بارش کے مدنظر پیدا شدہ حالات کا تجزیہ کیا۔ ‘سینئر پولیس افسر کے مطابق ضلع میں پربا مکالا گاؤں میں سچترا منڈل (65)پر ایک درخت گر پڑا، جس سے ان کی موت ہوگئی۔ اسی طرح کا ایک واقعہ میں گوکھنا گاؤں میں کئی درخت اکھڑ گئے، ان میں ایک درخت کی چپیٹ میں آنے سے 47 سالہ خاتون ریکھا بسواس اور ایک کلب ملازم کی موت ہو گئی۔

افسر نے بتایا کہ ضلع میں ایک لیمپ پوسٹ کے رابطہ میں آنے سے بجلی کاجھٹکا لگنے سے منیرالغازی (50) کی بھی موت ہو گئی۔ افسر نے بتایا کہ ضلع میں دو اور لوگوں کے مرنے کی اطلاع ہے۔ مشرقی مدناپور میں بھی ایک گرتے درخت کی چپیٹ میں آنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔ جنوبی 24 پرگنہ ضلع میں سائیکلون سے پیداشدہ واقعات میں دو لوگوں کی موت ہو گئی۔

 ریاست ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ جنوبی 24 پرگنہ میں فریجرگنج فشنگ ہاربر میں ایک ماہی گیر کی لاش بر آمد ہوئی ہے۔ کولکاتا میں لگاتار موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ جنوبی اور شمالی 24 پرگنہ اورمشرقی مدناپور اضلاع کے آس پاس کے علاقوں میں 165 کیلومیٹر فی گھنٹے کی رفتارسے آندھی چلی۔

سائیکلون نے یہاں سنیچر کی تقریباً نصف شب دستک دی تھی۔ سیکڑوں درختوں کےاکھڑنے سے شہر کے کئی حصوں میں سڑکیں جام رہیں، حالانکہ خراب موسم کے باوجود کئی لوگ اتوار کو اپنے-اپنے گھروں سے نکلے۔ کولکاتا میونسپل کارپوریشن(کے ایم سی) پولیس اور دمکل اہلکاروں کے ساتھ این ڈی آر ایف گرے ہوئے درختوں اور ٹہنیوں کی وجہ سے جام ہوئی سڑکوں کو صاف کرنےمیں مصروف ہیں۔

 کے ایم سی کے ایک افسر نے بتایا،’ہم نے ملازمین‎ کو سڑکوں کو صاف کرنے اور نچلے علاقوں سے پانی نکاسی کے کام میں لگایا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ کام رات تک ختم ہو جائے‌گا۔ ‘

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)