‘کوویکسین’کو بھارت بایوٹیک نے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ویرولوجی کے ساتھ مل کرتیار کیا ہے۔
نئی دہلی: ہندوستان کے پہلےملکی کووڈ 19ٹیکے کو ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا(ڈی سی جی آئی)سے انسانوں پر تجربے کی اجازت مل گئی ہے۔‘کوویکسین’کو بھارت بایوٹیک نے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ویرولوجی کے ساتھ مل کرتیار کیا ہے۔
ملک میں اگلے مہینے سے اس ٹیکے کا پہلے اور دوسرے مرحلےکا تجربہ شروع ہوگا۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ٹیکے کی تیاری میں آئی سی ایم آر اور این آئی وی کا تعاون اہم رہا۔انڈین ایکسپریس کے مطابق، بھارت بایوٹیک نے اپنی ریلیز میں کہا کہ کمپنی کے ذریعے ویکسین کے پری کلینیکل اسٹڈیزکے نتائج پیش کرنے کے بعد یہ اجازت ملی ہے۔
کووڈ-19 ٹیکوں کی تیاری میں لگی دوسری ہندوستانی کمپنیوں میں زائیڈس کیڈیلا، سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا اور پناسیا بایوٹیک شامل ہیں۔اس مہینے کی شروعات سے اسٹڈی شروع کرنے والی پناسیا ابھی بھی پری کلینیکل مرحلےمیں ہے۔وہیں، ابھی یہ صاف نہیں ہے کہ زائیڈس اور سیرم نے اپنے پری کلینیکل اسٹڈی کو پورا کر لیا ہے اور انسانوں پر اس کے تجربے کے لیے ڈی سی جی آئی کودرخواست دی ہے یا نہیں۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)