مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ہاسٹل میں پھنسے ہوئے طلبا کو ان کی ریاستوں تک پہنچانے کے لیے ٹرینوں کو چلانے کی منظوری دیےجانے کے بعد جامعہ ملیا اسلامیہ کی طرف سے یہ آرڈر آیا ہے۔
نئی دہلی: دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ نے جمعہ دیر شام کونوٹس جاری کر کےہاسٹل میں رہ رہے طلبا سے کمرہ خالی کرکےفوراً گھر لوٹ جانے کو کہا ہے۔مرکزی وزارت داخلہ کے ذریعے ہاسٹل میں پھنسے ہوئے طلبا کو ان کی ریاستوں تک پہنچانے کے لیے ٹرینوں کو چلانے کی منظوری دیے جانے کے بعدیونیورسٹی کی طرف سے یہ حکم آیا ہے۔
یونیورسٹی کے رجسٹرار اےپی صدیقی کی جانب سے طلبا، اساتذہ اوراسٹاف کے لیے نوٹس جاری کر کےکہا گیا کہ کووڈ 19 سے بچاؤ کی وجہ سے لاک ڈاؤن بڑھنے اور یوجی سی کی 29 اپریل کی گائیڈ لائن کے تحت یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔یونیورسٹی نے کہا، ‘ہاسٹل میں پھنسے اسٹوڈنٹ جو پہلےاپنے گھر نہیں جا سکتے تھے اور یہیں ٹھہرے ہوئے تھے، انہیں ہدایت دی جاتی ہے کہ ریاستی سرکاروں کی طرف سے ٹرانسپورٹ اور سفر کے لئے کیے گئے انتظامات کے مطابق وہ ہاسٹل خالی کر دیں۔’
ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ انتظامیہ نے طلبا کو بتایا کہ اب یونیورسٹی اگست میں کھلےگی اور نیا تعلیمی سیشن ستمبر سے شروع ہوگا۔ جولائی میں ہونے والے امتحانات کے پروگرام میں بھی تبدیلی ہوگی۔یونیورسٹی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا،‘فی الحال سبھی مقاصدکے لیے یونیورسٹی بند ہے۔ لائبریری اور دوسری ادارہ جاتی سہولیات بھی لاک ڈاؤن کے مد نظر بند ہیں۔’
جامعہ انتظامیہ نے طلبا سے اپنے اپنے گھر لوٹنے کے لیے کئے جانے والے سفرکے انتظامات کے لیے ادارہ کے پروووسٹ سے رابطہ کرنے کو کہا۔
نوٹس میں کہا گیا،‘یونیورسٹی کے لیے مستقبل میں لاجسٹکس اور مین پاور کی ضرورتوں کو بنائے رکھنا بہت ہی مشکل ہے۔ ہاسٹل کو سینٹائزیشن اور مرمت کی ضرورت ہے اس لیے ہاسٹل کو بنا کسی چھوٹ کے پوری طرح سے خالی کیا جانا ہے۔ پروووسٹس (لڑکے اور لڑکیوں کے ہاسٹل)سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس کارروائی کوفوراً شروع کریں۔’
اس کے ساتھ ہی یونیورسٹی نے کہا کہ جولائی 2020 کے لیے امتحان کے پروگرام کی نوٹس جلد جاری کی جائےگی۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)