اڑیسہ میں کورونا وائرس کے پہلے معاملے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر 33 لوگ مہاراشٹر میں ہیں۔
نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعدادبڑھکر 110 ہو گئی ہے۔ حالانکہ ریاستوں اور یونین ٹریٹری ریاستوں سے آنے والی رپورٹس کے مطابق، متاثرین کی کل تعداد 114 ہو گئی ہے، جس کی ابھی تک تصدیق نہیں کی گئی ہے۔اڑیسہ میں کورونا وائرس کے پہلے معاملے کی تصدیق ہوئی ہے۔ اٹلی سے ہندوستان لوٹے اڑیسہ کے 33 سالہ ایک شخص کورونا سے متاثر پایا گیاہے۔
دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق ، مہاراشٹر سے کورونا سے متاثرافراد کے دو نئے کیس سامنے آئے ہیں ،جبکہ کیرالا سے دو ، راجستھان ، کرناٹک ،تلنگانہ اور اتراکھنڈ سے ایک ایک۔وہیں، دس لوگوں کو علاج کے بعد ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
مہاراشٹرمحکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پمپری-چچواڑ میں ایک شخص کورونا سے متاثر پایا گیا ہے، جس کے بعد ریاست میں متاثرین کی تعداد بڑھکر33 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں سے ایک ایران سے 53 ہندوستانیوں کی چوتھی کھیپ سوموار کو ہندوستان پہنچی۔ اس سے پہلے 389ہندوستانیوں کو ایران سے ہندوستان لایا جا چکا ہے۔ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نےٹوئٹ کرکے اس کی جانکاری دی۔
وہیں، اب تک ہندوستان میں دو لوگوں کی کورونا کی وجہ سےموت ہو چکی ہے، جن میں سب سے پہلے کرناٹک کے کلبرگی کے رہنے والے 76 سال کے ایک بزرگ ہیں جبکہ دوسری موت دہلی میں 68 سال کی ایک خاتون کی ہوئی ہے۔وہیں، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق،دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 5746 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔
اٹلی میں کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ24 گھنٹوں میں 368لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔جنوبی افریقہ میں کورونا کی وجہ سے قومی ایمرجنسی کااعلان کر دیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ میں کورونا سے کل 61 لوگ متاثر ہیں اس سے پہلے امریکہ میں بھی قومی ایمرجنسی اعلان کیا جاچکا ہے۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)