گجرات: احمدآباد اور سورت میں دودھ اور دوا کے علاوہ ایک ہفتے کے لیے سبھی دکانیں بند

04:20 PM May 08, 2020 | دی وائر اسٹاف

مہاراشٹر اور گجرات کے کچھ اضلاع میں کو رونا وائرس مریضوں کی موت کی شرح میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے دونوں ریاستوں سے کہا کہ وہ شروعاتی نگرانی، انفیکشن کا تیزی سے پتہ لگانے اور شروع میں ہی بیماری کا علاج جیسے اقدامات پر دھیان مرکوزکریں تاکہ ان حلقوں میں موت کے معاملوں میں کمی آ سکے۔

(فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: کو رونا وائرس سے بری طرح متاثر احمدآباد اور سورت شہر میں اس کی روک تھام کے مد نظر میونسپل حکام نے دودھ اور دوائیاں بیچنے والی دکانوں کو چھوڑکر باقی سبھی دکانیں ایک ہفتے کے لیے بند رکھنے کا آرڈر دیا ہے۔ اس کے بعد، لوگوں میں سبزیاں اور راشن کا سامان خریدنے کو لےکر افراتفری مچ گئی۔

میونسپل کے انچارج مکیش کمار کے دستخط والے آرڈر کے مطابق، دکانیں سات مئی کی نصف شب سے 15 مئی صبح چھ بجے تک بند رہیں گی۔آرڈر کے مطابق، دودھ اور دوا کی دکانیں کھولی جا سکتی ہیں جبکہ پھل، سبزی اور راشن کا سامان بیچنے والی سمیت سبھی دکانیں بند رہیں گی۔ حالانکہ، اس سے پہلے لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران پھل، سبزی اور راشن کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت تھی۔

میونسپل چیف وجے نہرہ کے 14 دن کے آئسولیشن میں جانے کے بعد منگل کو کمار کو انچارج بنایا گیا ہے۔کمار نے کہا، ‘کووڈ 19 کے معاملوں میں اضافے کے مد نظر عوامی مفاد میں مناسب قدم اٹھانا ضروری ہے۔’اس سے پہلے، شہر میں کئی سبزی فروشوں کے متاثر پائے جانے پر حکام کو ان کی اسکریننگ کرنے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔

وہیں، سورت میں بندی کا آرڈر سنیچر سے عمل میں آئےگا۔سورت میونسپل نے اپنے آرڈر میں کہا، ‘کرشی اپج منڈی سمیتی بازار، کسانوں کے لیے نامزد سبھی حلقوں میں سبزی بازار، آزاد سبزی اسٹال، پھلوں کی دکانیں اور کسی بھی موڈ کے میڈیم سے سبزیوں اور پھلوں کی فروخت پر9 مئی سے 14 مئی تک پابندی ہے۔’

بدھ کو گجرات میں کو رونا وائرس کے کم سے کم 382 معاملے سامنے آئے جس میں سے 291 معاملے اکیلے احمدآباد سے تھے۔اس کے ساتھ ہی گجرات میں کو رونا وائرس انفیکشن کے کل معاملوں کی تعداد بڑھ کر 6669 ہو گئی جس میں سے 4735 معاملے احمدآباد میں ہیں۔ وہیں، گجرات میں ہونے والی کل 368 موت میں سے 298 معاملے احمدآباد سے ہیں۔

گجرات، مہاراشٹر میں کووڈ 19 سے موت کی شرح میں اضافہ تشویش ناک: ہرش وردھن

مہاراشٹر اور گجرات کے کچھ اضلاع میں کووڈ 19 کے مریضوں میں موت کی شرح میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے ریاستوں سے کہا کہ وہ شروعاتی نگرانی، انفیکشن کا تیزی سے پتہ لگانے اور شروع میں ہی بیماری کا علاج جیسے اقدامات پر دھیان مرکوز کریں تاکہ ان حلقوں میں موت کے معاملوں میں کمی آ سکے۔

ہرش وردھن نے گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ اوروزیر صحت نتن بھائی پٹیل اور مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی بیٹھک کی۔بیٹھک میں ہرش وردھن نے ایس اےآرآئی اور انفلوئنزا جیسی بیماری(آئی ایل آئی)کے معاملوں کی اسکریننگ اور جانچ جیسے مناسب اقدامات کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ اس سے انفیکشن کو دوسرے حلقوں میں پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا، ‘موت کی شرح میں کمی لانے کے لیے مؤثر حکمت عملی  ریاستوں  کی ترجیحات میں  ہونی چاہیے۔ نئے معاملوں کو روکنے کے لیے منظم طریقے سے علاج، پہلے پہل اورجامع قدم اٹھانا اور مرکز کے ذریعےطے شدہ احکامات پر عمل کرناوقت کی ضرورت ہے۔’

بیٹھک میں نشان زد کیا گیا کہ کچھ معاملوں میں مریضوں نے یا تو اپنے متاثر ہونے کی جانکاری چھپائی یا وہ علاج کے لیے دیری سے اسپتال پہنچے۔ اس کی وجہ کووڈ 19 کو لےکر کوئی ڈر یا بدنامی کا کوئی امکان  ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کو لےکر بدنامی جیسی چیزوں کو دور کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر رویے میں تبدیلی کی مہم  چلائی  جانی چاہیے جس سے معاملوں کی وقت پر جانکاری ملنے، طبی تدابیر اور موت کی شرح  میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

مرکزی وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں بدھ کی صبح تک آئے کو رونا وائرس انفیکشن کے 49391 معاملوں اور موت کے 1694 معاملوں میں سے مہاراشٹر سب سے اوپر ہے جہاں انفیکشن کے 15525 معاملے سامنے آئے ہیں اور 617 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ وہیں، گجرات دوسرے نمبر پر ہے جہاں انفیکشن کے 6669 معاملے سامنے آئے ہیں اور 368 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

مہاراشٹر اور گجرات میں بڑی تعداد میں انفیکشن اور موت کے معاملوں کی وجہ سے ہرش وردھن نے مشورہ دیا کہ پابندی والےحلقوں میں نگرانی ٹیموں کے ساتھ وارڈ کی سطح پر کمیونٹی رضاکاروں کی بھی پہچان کی جانی چاہیے جو ہاتھ اچھی طرح دھونے اور سماجی دوری جیسے اقدامات کے بارے میں بیداری  پھیلا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اورنگ آباد اور پونے جیسے کچھ اضلاع نے یہ کام کیا ہے۔

ہرش وردھن نے کہا کہ وزارت قومی صحت مشن کے تحت ریاستوں کو پوری مدد دے گی۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ مرکز کی اضافی ٹیمیں بھی ریاستوں  میں ان کی اپیل کے مطابق تعینات کی جائیں گی۔ہرش وردھن نے مطلع کیا کہ کووڈ 19 کے علاج سے جڑے ڈاکٹر مرکز تک پہنچنے کے لیے ملک کے کسی بھی حصہ سے موبائل نمبر (+91 9115444155) پررابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ریاستوں سے ‘آروگیہ سیتو موبائل ایپ’ کی تشہیرواشاعت کی  بھی اپیل کی اور کہا کہ وہ ان لوگوں کے لیے‘آروگیہ سیتو انٹریکٹو وائس رسپانس سسٹم’ سہولت کو بھی مشتہر کریں جن کے پاس اسمارٹ فون نہیں ہیں۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)