نکسلیوں نے دنتے واڑہ میں بارودی سرنگ میں بلاسٹ کر کے اس حملے کو انجام دیا ہے۔
نئی دہلی: چھتیس گڑھ کے دنتے واڑہ میں بی جے پی کے ایم ایل اے بھیما منڈاوی کے قافلے پر نکسلیوں نے حملہ کیا ہے۔حملے میں بی جے پی ایم ایل اے بھیما منڈاوی سمیت 5 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔نکسلیوں نے دنتے واڑہ میں بارودی سرنگ میں بلاسٹ کر کے اس حملے کو انجام دیا ہے۔پولیس افسروں نے یہ جانکاری دی۔
این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق؛ پولیس افسر نے بتایا کہ قافلے میں بلیٹ پروف گاڑی کے بھی پرخچے اڑ گئے۔
اینٹی نکسل مہم کے ڈی آئی جی پی سندر راج نے بھیما مانڈوی کی موت کی تصدیق کی ہے۔پولیس افسروں کے مطابق؛پورے علاقے میں گھیرا بندی کر کے نکسلیوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔
غور طلب ہے کہ چھتیس گڑھ میں 3 مرحلے میں انتخابات ہونے ہیں۔یہاں 11 اپریل، 18 اپریل اور 23 اپریل کو ووٹ ڈالیں جائیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ دنتے واڑہ ضلع کے کنوا کونڈا علاقے میں اس وقت ہوا جب بی جے پی ایم ایل اے کا قافلہ وہاں سے گزر رہا تھا۔ آئی ای ڈی بلاسٹ کر کے نکسلیوں نے ایم ایل اے کے قافلے میں شامل سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
حملے کے بعد سی آر پی ایف اور ریاستی پولیس کی ٹیم کو جائے واردات پر بھیجا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق؛ بھیما مانڈوی نے گزشتہ سال اسمبلی انتخاب میں دیوتی کرما کو ہرا کر جیت درج کی تھی۔ ذرائع کے مطابق، نکسلیوں نے پہلے سکیورٹی اہلکارون کو نشانہ بنایا،اس کے بعد جب بھیما منڈوی اپنی گاڑی سے باہر نکلے تو ان کو ہلاک کر دیا۔