چھتیس گڑھ: ماؤ وادیوں کی مدد کر نے کے الزام میں بی جے پی رہنما سمیت دو گرفتار

08:24 PM Jun 15, 2020 | دی وائر اسٹاف

چھتیس گڑھ کے دنتے واڑہ ضلع اکائی کے نائب صدر جگت پجاری پر الزام ہے کہ وہ پچھلی  ایک دہائی  سے ماؤوادیوں کو سامان مہیا کرا رہے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمین کے خلاف چھتیس گڑھ اسپیشل پبلک سکیورٹی ایکٹ،2005 کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔

فوٹوبہ شکریہ: اے این آئی

نئی دہلی: چھتیس گڑھ میں ماؤوادیوں کو ٹریکٹر مہیا کرانے کے الزام میں بی جے پی کی دنتے واڑہ ضلع  اکائی کے نائب صدر جگت پجاری اور ایک دوسرے شخص کو گزشتہ  14 جون کو گرفتار کیا گیا ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق، پولیس نے بتایا کہ جگت پجاری کم سے کم ایک دہائی  سے ماؤوادیوں کو سامان مہیا کراتے آ رہے ہیں۔

ماؤوادی رہنما اجئے عالمی کے لیے ٹریکٹر خریدنے کے الزام میں ان لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ عالمی پر پانچ لاکھ روپے کا انعام تھا۔ پولیس نے 910000 روپے کا نیا ٹریکٹر ضبط کیا ہے۔پجاری برسور گاؤں کے رہنے والے ہیں۔دنتے واڑہ کے ایس پی ابھیشیک پلو نے کہا، ‘پچھلے کچھ مہینوں سے ہم عالمی سمیت کئی ماؤوادی رہنماؤں کے کال کو انٹرسیپٹ کر رہے تھے اور اس دوران پجاری کا فون نمبر کئی بار سامان مہیا کرانے کے لیے سامنے آیا۔ حال ہی میں عالمی نے پجاری سے کہا کہ انہیں ٹریکٹر چاہیے۔’

انہوں نے آگے کہا، ‘پجاری ٹریکٹر کے لیے پورا پیسہ دینے کو تیار ہو گئے اور انہوں نے کہا کہ خریداری کے لیے کسی کادستاویزچاہیے۔ اس کے لیے انہوں نے رمیش اسینڈی کی بیوی کی مدد لی جو کہ عالمی کے گاؤں کی ہیں۔’اس ان پٹ کی بنیادپر پولیس نے گیڈم کے پاس دو جگہوں پر بیریکیڈس لگا دیے، اور سبھی نئے ٹریکٹروں کو روک دیا۔ گرفتار کیے گئے تین لوگوں میں شامل رمیش اسینڈی کی پہچان کر کےپوچھ تاچھ کی گئی۔

پولیس نے بتایا کہ روکے جانے پر اسینڈی یہ نہیں بتا پائے کہ ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا اور ان کے پاس دستاویز کیوں نہیں ہے۔پلو نے کہا، ‘پوچھ تاچھ کے دوران جگت نے قبول کیا کہ وہ پچھلے 10 سالوں سے ماؤوادی کی مدد کر رہے ہیں۔’پولیس نے بتایا کہ پچھلے کئی مہینوں کے انٹلی جنس کی بنیاد پر یہ گرفتاریاں کی گئی ہیں۔

خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق بی جے پی کے ضلع صدر چیت رام اٹامی نے کہا ہے کہ پارٹی کےسینئررہنماؤں کو اس بارے میں جانکاری دے دی گئی ہے۔ پجاری کے خلاف کارروائی کو لےکر یہ لوگ فیصلہ لیں گے۔اٹامی نے کہا کہ پجاری کو پانچ سال پہلے نائب صدربنایا گیا ہے۔ حالانکہ پانچ سال کی  مدت کار پورا ہونے کے بعد ابھی کوئی نئی تقرری نہیں کی تھی اور نائب صدر کاعہدہ انہی کے پاس تھا۔

دنتے واڑہ کے ایس پی ابھیشیک پلو نے خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ملزمین  کے خلاف چھتیس گڑھ اسپیشل پبلک سکیورٹی ایکٹ،2005 کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کو رونا وائرس کی وجہ سےجاری  لاک ڈاؤن میں  ماؤوادی راشن کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کی سپلائی چین ٹوٹ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے میں انہوں نے جنگل میں خود سے اناج اگانے کا فیصلہ کیا ہوگا، اس لیے ٹریکٹر اور دوسرے کھیتی کے سامان منگانے کامنصوبہ  بنایا ہوگا۔