دہلی میں شہریت قانون کی مخالفت کا مرکز بنے شاہین باغ میں کپل گجر نامی ایک نوجوان نے شام تقریباً 4:53 بجے ہوا میں دو گولیاں چلائیں ۔ اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔
نئی دہلی: دہلی میں شہریت قانون (سی اےاے)کی مخالفت کا مرکز بنے شاہین باغ علاقے میں سنیچرکو ایک نوجوان نے گولی باری کر دی۔ اس نے ہوا میں دو گولیاں چلائیں۔ شام تقریباً4:53 بجے ہوئے اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ اس کو پولیس حراست میں لے لیا گیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق، سامنے آئے شروعاتی ویڈیو میں نوجوان حراست میں لیے جانے کے دوران ‘جئے شری رام’کے نعرے لگاتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ ‘اس دیش میں کیول (صرف) ہندوؤں کی چلے گی’۔ اس نے کہا، ہمارے دیش میں اور کسی کی نہیں چلےگی، صرف ہندو کی چلےگی۔
نوجوان کو مقامی لوگوں نے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔ذرائع کے مطابق، اس کی پہچان کپل گجر کے طورپر کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایک نوجوان نے گزشتہ 30 جنوری کو جامعہ ملیہ کے پاس سی اے اے کے
خلاف مظاہرہ کر رہے گروہ پر گولی چلا دی تھی۔ گولی چلاتے ہوئے یہ جوان مبینہ طور پرچلاکر کہہ رہا تھا،’یہ لو آزادی۔ ‘اس میں جامعہ کا ایک طالب علم زخمی ہوگیا تھا۔ گولی چلانے والا نوجوان اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع(نوئیڈا)کے زیور علاقےکا رہنے والا ہے۔اس کوفی الحال 14 دن کی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔
اسی دن ایک ہتھیاربند شخص شاہین باغ میں گھس گیا تھا اور مظاہرین کو ان کے دھرنے کو لےکر دھمکی دی تھی۔ حالانکہ،مظاہرین نے اس کو پکڑ لیا اور باہر نکال دیاتھا۔