فلموں کے نام رجسٹر کرنے والاادارہ انڈین موشن پکچرس پروڈیوسرس ایسوسی ایشن میں فروری کے آخری ہفتے میں بڑی تعداد میں پلواما دہشت گردانہ حملے، بالاکوٹ ایئر اسٹرائک اور ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ ابھینندن سے متعلق ٹائٹل رجسٹر کرانے کی درخواست دی گئی ہے۔
نئی دہلی: برصغیر میں تفریح، بالخصوص فلم اور کرکٹ ہمیشہ محبوب اور دلچسپ مشغلہ رہا ہے۔شاید یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باوجود فلم ڈائریکٹر موجودہ حالات کو بھنانا چاہتے ہیں۔ہفنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق، 14 فروری کو پلواما میں سی آر پی ایف کے قافلے پر دہشت گردانہ حملے اور ہندوستان کی ایئر اسٹرائک کے بعد بڑی تعداد میں فلم ڈائریکٹرنے اس سے متعلق کئی ٹائٹل رجسٹر کروائے ہیں۔
ویب سائٹ نے ٹریڈمیگزین’ کمپلیٹ سینما’ کے حوالے سے بتایا ہے کہ 14 فروری کو رجسٹرڈ ہونے والے ٹائٹل میں پلواما : دی سرجیکل اسٹرائک، دی سرجیکل اسٹرائک، وار روم، ہندوستان ہمارا ہے، پلواما ٹیرر اٹیک، دی اٹیکس آف پلواما، ود لو فرام انڈیا اینڈ اے ٹی ایس-ون مین شو شامل تھے۔واضح ہو کہ ملک میں فلموں / ٹی وی سیریئل اور ویب سریز کے ٹائٹل رجسٹر کرنے کا کام انڈین موشن پکچرس پروڈیوسرس ایسوسی ایشن(آئی ایم پی پی اے) کرتا ہے۔
کوئی ٹائٹل رجسٹر کروانے کے لئے کسی ڈائریکٹر یا پروڈکشن ہاؤس کو ایک سادہ سا فارم بھرنا ہوتا ہے، جہاں ان کو ترجیح کی بنیاد پر چار سے پانچ ٹائٹل بتانے ہوتے ہیں، ساتھ ہی 18 فیصد جی ایس ٹی کے ساتھ 250 روپے جمع کرنے ہوتے ہیں۔اکثر ٹائٹل رجسٹر کروانے والے اس پر فلم، سیریئل یا ویب سریز نہیں بنانا چاہتے بلکہ ان کا مقصد اس کو بیچنا ہوتا ہے۔ وہ اس کو اس لئے لیتے ہیں کہ جب کوئی بڑا ڈائریکٹر یا پروڈکشن ہاؤس متعلقہ موضوع پر فلم بنانا چاہے تب وہ اس کو ان کو بیچ سکے۔
ویب سائٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 27 فروری کو جب ان کے نامہ نگار نے ایک چھوٹے ڈائریکٹر کے طور پر آئی ایم پی پی اے سے ہندوستان پاکستان پر ویب سریز بنانے کے لئے ٹائٹل رجسٹر کروانے کی کوشش کی تب ان کو بتایا گیا کہ اس موضوع سے متعلق زیادہ تر ٹائٹل رجسٹر ہو چکے ہیں۔نامہ نگار نے بتایا ہے کہ وہاں موجود بالی ووڈ ڈائریکٹر پلواما : دی ڈیڈلی اٹیک، پلواما اٹیک ورسیز سرجیکل اسٹرائک 2.0، بالاکوٹ جیسے ٹائٹل پر غورکرہے تھے۔
27 فروری کو ہندوستانی پائلٹ ابھینندن کے پاکستان کی حراست میں ہونے کی خبر آنے کے بعد جب آئی ایم پی پی اے سے رابطہ کیا گیا، تب پتا چلا کہ ‘ابھینندن’نام کو لےکر بھی فلم ڈائریکٹروں میں ہوڑ مچی تھی۔کہا جا رہا ہے کہ اری فلم کی کامیابی کے بعد بالی ووڈ حب الوطنی کے جذبے کو بھنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ آئی ایم پی پی اے کے ایک نمائندہ نے 27 فروری کو اس بات کی تصدیق کی کہ گزشتہ ایک ہفتے میں پلواما حملے اور بالاکوٹ ایئراسٹرائک سے جڑے ٹائٹل کے لئے بڑی تعداد میں درخواست آئی ہیں۔
اس نمائندے نے ہفنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ کچھ ٹائٹل کے لئے بڑی فلم پروڈکشن ہاؤس ابنڈینٹیا [Abundantia] اور ٹی سریز نے بھی درخواست کی ہے۔