پرگیہ ٹھاکر کو دہشت گرد بتانے پر بی جے پی کا ہنگامہ، راہل گاندھی کے خلاف تحریک استحقاق کا مطالبہ

06:17 PM Nov 29, 2019 | دی وائر اسٹاف

مہاتما گاندھی کے قاتل  ناتھورام گوڈسے کو دیش بھکت کہنے پر بی جے پی رہنما اور ایم پی  پر گیہ ٹھاکر کے خلاف مدھیہ پردیش کے کانگریس ایم ایل اے نے دھمکی دی ہے کہ ؛پر گیہ  ٹھاکر کبھی ایم پی آئیں تو ان کا پتلا نہیں، بلکہ ان کو پورا جلا دیں گے۔

پرگیہ ٹھاکر اور ناتھو رام گوڈے، فوٹو: دی وائر

نئی دہلی : مدھیہ پردیش کےبھوپال سے بی جے پی ایم پی  پر گیہ ٹھاکر کے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو دیش بھکت کہنے کے بعد ان کو دہشت گرد  کہے جانے کے معاملے میں بی جے پی  نے حملہ آور رخ اپنایا ہے۔ بی جے پی رکن پارلیامان  نشی کانت دوبے نے جمعہ کو لوک سبھا میں کہا کہ راہل گاندھی نے ایک خاتو ن  کو دہشت گرد کہہ کر سنگین  جرم  کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے اس معاملے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھاکہ ، دہشت گرد پرگیہ نے دہشت گرد گوڈسے کو دیش بھکت بتایا۔ ہندوستان کی پارلیامنٹ میں یہ ایک المناک دن ہے۔

ا س سے پہلے انہوں نے کہا تھا کہ ، میں ان کے(پرگیہ) بارے میں نہیں بولنا چاہتا۔ یہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی  روح  میں ہے ۔ وہ کہیں نہ کہیں سے نکلے گا۔ وہ گاندھی جی کی کتنی بھی پوجا کریں ۔ ان کی روح سنگھ کی ہے ۔ میں اپنا وقت برباد نہیں کرنا چاہتا ۔ بی جے پی نے  اس معاملے میں راہل گاندھی کی طرف سے معافی کی مانگ کی ہے۔ بی جے پی  ایم پی نشی کانت دوبے نے کہا کہ کانگریس رکن پارلیامان  راہل گاندھی کے خلاف ایوان میں تحریکِ استحقاق (Privilege Motion)لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی رکن پارلیامان  کو دہشت گرد کہنا مہاتما گاندھی کے قتل  سے بھی بد تر ہے۔ بی جے پی ایم پی  دوبے نے کہا کہ کانگریس نے اس شیوسینا کے ساتھ مل کر سرکار بنائی ہے جس نے اپنے ماؤتھ پیس ‘سامنا’ میں ناتھورام گوڈسے کو دیش بھکت کہا تھا۔

راہل گاندھی نے بی جے پی کے اس مطالبے پر کہا ہے کہ کیجے ، آپ جو کرنا چاہتے ہیں کیجیے۔میں اپنی پوزیشن صاف کرچکاہوں۔

بی جے پی ایم پی  گریراج سنگھ نے بھی ٹوئٹ کر کے راہل گاندھی کو تنقید کا  نشانہ بنایاہے۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا، ‘راہل گاندھی کے پاس کوئی حق  نہیں ہے کہ بنا کسی ثبوت کے کسی بھی معزز ممبر کو دہشت گرد کہیں۔ انہیں ملک  اورایوان سے فوراً  معافی مانگنی چاہیے۔’

دریں اثناایوان  میں مہاتما گاندھی کے قاتل  ناتھورام گوڈسے کو دیش بھکت کہنے پر بی جے پی رہنما اور سایم پی  پر گیہ ٹھاکر کے خلاف مدھیہ پردیش کے کانگریس ایم ایل اے  نے سخت بیان دیا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ ؛’پر گیہ  ٹھاکر کبھی ایم پی آئیں تو ان کا پتلا نہیں، بلکہ ان کو پورا جلا دیں گے۔’

 مدھیہ پردیش کےبھوپال سے بی جے پی ایم پی  پر گیہ ٹھاکر نے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو دیش بھکت کہنے کے اپنے بیان پرجمعہ کو پارلیامنٹ  میں معافی مانگ لی ہے۔لوک سبھا میں پر گیہ ٹھاکر نے کہا، ‘میں ایوان  میں میرے  ذریعے  کیے گئے کسی بھی تبصرے  سے کسی بھی طرح  سے کسی کو ٹھیس پہنچی ہو تو اس کے لیے معذرت کے ساتھ معافی  چاہتی  ہوں۔’

واضح ہوکہ بی جےپی  ایم پی  کے متنازعہ بیان پر معاملہ طول پکڑنے کے بعد مرکزی حکومت  نے ان کو دفاعی امور کی کمیٹی سے ہٹا دیا تھا۔بتادیں کہ بدھ کو لوک سبھا میں ایس پی جی (ترمیم) بل  پر چرچہ کے دوران پر گیہ ٹھاکر نے مہاتما گاندھی کے قاتل گوڈسےکو پھر دیش بھکت بتایا تھا۔یہ  پہلی بار نہیں ہے جب پر گیہ ٹھاکر نے ناتھورام گوڈسے کو دیش بھکت بتایا ہے۔ لوک سبھا انتخابی تشہیر کے دوران ایک روڈ شو کر رہی پر گیہ ٹھاکرنے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا، ‘ناتھورام گوڈسے دیش بھکت تھے، دیش بھکت ہیں اور رہیں گے۔ گوڈسے کو دہشت گردبولنے والے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں۔’

خبررساں ایجنسی پی  ٹی آئی کے مطابق، مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو دیش بھکت بتانے کو لے کر کانگریس کارکنوں نے اندور کے کوتوالی پولس اسٹیشن میں پر گیہ ٹھاکر کے خلاف شکایت درج کرائی۔