بی جے پی سے حال ہی میں جڑی موشمی چٹرجی نے کہا کہ ہندوستانی عورت ہونے کے ناطے نو جوانوں کو کیا اور کیسے کپڑے پہننے چاہیے ، یہ سکھانے کا ان کو حق ہے۔
نئی دہلی: نئے سال کی شروعات میں بی جے پی کا دامن تھامنے والی اداکارہ موشمی چٹرجی نے سورت میں ہو رہے پروگرام میں مبینہ طور پر خاتون اینکر کو اس کے کپڑوں کو لے کر صلاح دے دی۔ دراصل خاتون اینکر نے پینٹ پہنا ہوا تھا، جس کو لے کر چٹرجی نے ان کو ہندوستانی کپڑے پہننے کی صلاح دے دی۔
انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق؛خاتون اینکر نےپروگرام میں موجود میڈیا کی موشمی چٹرجی سے ملاقات کرائی اور جیسے ہی 70 سالہ اداکارہ نے مائیک اپنے ہاتھ میں لیا، انھوں نے کہا،’آپ یہ کپڑے پہن کر آئے ہو، یہ کپڑے ٹھیک نہیں ہیں۔ آپ کو ساڑی یا ڈریس پہن کر آنا چاہیے تھا۔’
موشمی کی صلاح کے بعد خاتون اینکر نے پروگرام کے بعد میڈیا سے بات نہیں کی۔ 2 جنوری کو نئی دہلی میں ایک پروگرام میں موشمی چٹرجی شامل ہوئیں۔ وہ ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرنے کے لیے سورت میں تھیں۔ ان کے ساتھ سورت کے بی جے پی چیف نتن بھجیا والا، شہر کے بی جے پی نائب صدر پی وی ایس سرما اور دیگر لوگ تھے۔
موشمی نے کہا،’ایک ماں کے طور پر میں نےان کو صلاح دی تھی۔ میں نے ان سے جو کہا ان کو یہ غلط طریقے سے نہیں لینا چاہیے اور میں نے ان کو ایک بی جے پی رہنما کے طور پر نہیں بلکہ ایک ماں کے طور پر یہ صلاح دی ہے۔ ایک ہندوستانی خاتون ہونے کے ناطے مجھے نوجوانوں کو یہ سکھانے کا حق ہے کہ ان کو کہاں اور کب ،کیا پہننا چاہیے۔’
پروگرام کے کنوینر امیش مہتہ نے انڈین ایکسپریس سے کہا کہ انھوں نے بی جے پی کے سورت صدر اور دیگر کو بلایا تھا اور اس پروگرام سے بی جے پی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انھوں نے خاتون اینکر کے بارے میں بتایا کہ مقامی رابطے کے ذریعے ان کو اس پروگرام کے لیے بلایا گیا تھا۔مہتہ کانگریس کے ٹکٹ پر بلدیاتی انتخابات بھی لڑ چکے ہیں، جس میں ان کو ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
غور طلب ہے کہ موشمی چٹرجی نے ہندی اور بنگالی فلموں میں لمبے وقت تک کام کیا ہے۔ انھوں نے 100 سے بھی زیادہ فلموں میں کام کیاہے۔ ان کی پہلی فلم 1967 میں بالیکا ودھوتھی اور آخری فلم پیکو تھی جس میں وہ نظر آئیں تھیں۔
موشمی کانگریس کے ٹکٹ پر 2004 میں کلکتہ کی نارتھ ایسٹ سیٹ سے الیکشن لڑ چکی ہیں حالانکہ ان کو کامیابی نہیں ملی تھی۔
The post بی جے پی رہنماموشمی چٹرجی نے پینٹ پہننے پر اینکر سے کہا؛ آپ کو ساڑی پہننی چاہیے appeared first on The Wire - Urdu.