بہار: کورونا متاثر ڈاکٹر سے نوزائیدہ بچوں کے وارڈ میں ڈیوٹی کرانے کا الزام

06:07 PM Jul 27, 2020 | دی وائر اسٹاف

پٹنہ کے حاجی پورصدر ہاسپٹل کا معاملہ۔الزام ہے کہ ہاسپٹل انتظامیہ نے 12 گھنٹے پہلے آئی ڈاکٹر کی کورونارپورٹ کو ان سے چھپائے رکھا۔ اس دوران ڈاکٹر نے چار نرسوں کے ساتھ آٹھ گھنٹے میں 12 نوزائیدہ  بچوں کا علاج کیا۔

(علامتی تصویر، فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی:  بہار کی راجدھانی پٹنہ کے حاجی پور کے صدر ہاسپٹل میں بچوں کے ایک  ڈاکٹر کے کورونا سے متاثر  ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، ہاسپٹل انتظامیہ پر ڈاکٹر کی12 گھنٹے پہلے آئی کورونا رپورٹ چھپانے کا الزام ہے، جس کے بعد کورونا سے متاثر  ڈاکٹر کو جمعہ کی  صبح کی شفٹ میں کام کے لیے بلایا گیا۔

ڈاکٹر کو ان کے کوروناپازیٹو ہونے کی جانکاری شام کو دوسرے ساتھی سے ملی۔ اس سے پہلے ڈاکٹر نےیونٹ میں چار نرسوں کے ساتھ مل کر آٹھ گھنٹے کام کیا تھا اور 12 نوزائیدہ  بچوں کا علاج کیا۔ہاسپٹل میں شفٹ بدلنے کے بعد جب دوسرے ڈاکٹر نے سی ایس سے جانکاری مانگی تو کہا گیا کہ ڈاکٹر کے پازیٹو ہونے کی جانکاری دیر سے ملی، اس لیے متعلقہ  ڈاکٹر کو اس کی جانکاری نہیں دی جا سکی۔

اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد اہل خانہ  اور یونٹ اسٹاف ہاسپٹل انتظامیہ  پر نوزائیدہ بچوں  کا کورونا سے متاثر ڈاکٹر سے علاج کرانے کے الزام لگا رہے ہیں۔معلوم ہو کہ اتوارکو یونٹ کےتمام اسٹاف کی کورونا جانچ کرائی جائےگی۔ بہار میں اب تک کورونا کے 33926 معاملے درج ہو چکے ہیں جبکہ کورونا سے 220 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔