معاملہ آرا کے صدر ہاسپٹل کا ہے، جہاں کووڈ 19 کی جانچ کے لیےتقریباً300سیمپل اکٹھا کیے گئے تھے۔گزشتہ کئی دنوں سے لگاتار ہو رہی بارش میں ہاسپٹل میں پانی بھر گیاتھا، جس کی وجہ سے سیمپل پانی میں بہہ گئے۔
نئی دہلی : بہار کے آرا میں لگاتار بارش کی وجہ سے صدر ہاسپٹل میں پانی بھرنے سے کو رونا جانچ کے لیے اکٹھا کئے گئے سینکڑوں سیمپل پانی میں بہہ گئے۔نوبھارت ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، پانچ اور چھ جولائی کو کووڈ 19 کی جانچ کے لیے سیمپل اکٹھا کیے گئے تھے۔
تقریباً300 سیمپل کو جانچ کے لیے ہاسپٹل میں رکھا گیا تھا، لیکن لگاتار ہو رہی بارش اور آبی جماؤکی وجہ سے یہ سیمپل پانی میں بہہ گئے۔حالانکہ، جیسے ہی ہاسپٹل انتطامیہ کو اس بات کی جانکاری ملی، انہوں نے فوراً انہیں اکٹھا کر کےآئس بکس میں رکھا۔ اس کے بعد ہاسپٹل میں بھرے پانی کو پمپ لگاکر باہر نکالا گیا۔
صدر ہاسپٹل میں میڈیکل، سرجیکل اور او پی ڈی کے سامنے لگ بھگ ایک فٹ پانی جمع ہو گیا ہے، جس سے مریضوں اور تیمارداروں کو بھی خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔معلوم ہو کہ بہار میں کورونا کے معاملے لگاتار بڑھتے جا رہے ہیں۔ اب تک ریاست میں کو رونا کے کل 14575 معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ 119 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔