بہار: خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر گینگ ریپ کے بعد ان کے پانچ سالہ بیٹے کا قتل

بہار کے بکسر ضلع کا معاملہ۔الزام ہے کہ خاتون اپنے پانچ سال کے بیٹے کے ساتھ بینک جا رہی تھیں جب ملزمین نے انہیں پکڑ لیا۔ معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور سات میں سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بہار کے بکسر ضلع کا معاملہ۔الزام ہے کہ خاتون اپنے پانچ سال کے بیٹے کے ساتھ بینک جا رہی تھیں جب ملزمین نے انہیں پکڑ لیا۔ معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور سات میں سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

buxar

بہار کے بکسرضلع میں دلت خاتون کےساتھ مبینہ طور پر گینگ ریپ اور ان  کے بچہ کو نہر میں پھینکنے سے اس کی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ معاملہ سنیچر کا ہے اور اس کی جانکاری اتوار کو اس وقت سامنے آئی  جب مرار تھانے کی پولیس نے بچہ کی لاش کو نہر سے برآمد کیا۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین نے خاتون کا گینگ ریپ کیا اوراحتجاج کرنے پر خاتون اور بچہ کو نہر میں پھینک دیا، جس سے پانچ سالہ  بچہ کی ڈوبنے سے موت ہو گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ سات ملزمین میں سے ایک کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ابھی تک دو کی ہی پہچان ہو پائی ہے۔

متاثرہ  کو علاج کے لیے بکسر کے اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔

پولیس افسر کے کے سنگھ نے کہا، ‘خاتون کی میڈیکل جانچ کی جا رہی ہے۔ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بچہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ہم معاملے کی دیگر جانکاری کی تصدیق کر رہے ہیں۔’

رپورٹ ہے کہ سنیچر کو خاتون اپنے بیٹے کے ساتھ بینک جا رہی تھی کہ راستے میں ملزمین نے خاتون اور اس کے بیٹے کو پکڑ لیا۔ملزمین نے خاتون کے ساتھ ریپ کیا اور احتجاج کرنے پر دونوں کو نہر میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ راہ گیروں نے واقعہ  کی اطلاع  پولیس کو دی۔ موقع پر جب پولیس پہنچی تو خاتون بے ہوش ملی۔

ہندستان ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، ایف آئی آر میں متاثرہ  کے والد راج کمار نے بتایا کہ واقعہ صبح 11 بجے کا ہے جب ان کی بیٹی اپنے بچہ کے ساتھ بینک میں چھ ہزار روپے جمع کرنے گئی تھیں۔ دونوں جب نہر کے کنارے پہنچے تو بھولا یادو اور مینا رام اور ان کے پانچ ساتھی انہیں جبراً ایک سنسان جگہ پر لے گئے اور خاتون کے ساتھ گینگ ریپ کیا اور بچہ کا قتل کر دیا۔

ایف آئی آر کے مطابق، اس کے بعدملزمین نے خاتون کے ہاتھ پیر باندھ کر انہیں نہر میں پھینک دیا۔مرار پولیس تھانے کے ایس ایچ او منوج پاٹھک نے بتایا کہ خاتون کی حالت نازک ہے۔ملزمین کے خلاف کیس درج کر لیا گیا۔

بکسر ایس پی نیرج کمار سنگھ نے بتایا کہ ایف آئی آر میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔دیگرملزمین کی گرفتاری کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔