شیطان ہیں شہریت قانون کی مخالفت کرنے والے دانشور: دلیپ گھوش

05:26 AM Jan 19, 2020 | دی وائر اسٹاف

مغربی  بنگال بی جے پی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ دانشور کہے جانے والے کچھ ذی روح  کولکاتہ کی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ دوسروں کے خرچوں پر رہنے اور مزہ لینے والے یہ دانشور اس دوران کہاں تھے جب بنگلہ دیش میں ہمارے آباواجداد  پر ظلم و ستم  ہو رہے تھے؟

فوٹو: بہ شکریہ فیس بک

نئی دہلی: مغربی بنگال بی جے پی صدر دلیپ گھوش کا کہنا ہے کہ شہریت ترمیم قانون (سی اے اے) کی مخالفت کرنے والے لوگ بنا ریڑھ  والے ذی روح اور شیطان ہیں۔دلیپ گھوش نے کہا، ‘جو دانشور  شہریت  قانون کی مخالفت  کر رہے ہیں، وہ بنا  ریڑھ کے، شیطان اور ذی روح ہیں۔’

خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق، ‘دانشور کہے جانے والے کچھ لوگ کولکاتہ کی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ دوسروں کے خرچوں پر رہنے اور مزہ لینے والے یہ  دانشور  اس دوران کہاں تھے جب بنگلہ دیش میں ہمارے آباواجداد  پر ظلم و ستم  ہو رہے تھے؟’گھوش نے کولکاتہ میں تھیٹر فنکاروں  کے مارچ کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ‘یہ شیطان ہمارے دیے کھانے  پر جی رہے ہیں اور ہماری مخالفت کر رہے ہیں۔’

انہوں نے کہا کہ شہریت قانون کی مخالفت کرنے والے لوگ ایسے مظاہرہ  کر رہے ہیں، جیسے انہیں پتہ ہی نہیں ہے کہ ان کے ماں باپ  کون ہیں۔گھوش نے کہا، ‘یہی وجہ  ہے کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ اپنے ماں باپ  کا برتھ سرٹیفکیٹ نہیں دکھا سکتے۔’گھوش کے اس بیان پر تھیٹر فنکار دلال مکھرجی نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا، ‘ہم حیران ہیں کہ ایک بنگالی اس طرح سے بنگال میں کھڑے ہوکر بات کر سکتا ہے۔ بنگال نے ہمیشہ لڑائی لڑی اور جیتی ہے اور دکھایا ہے کہ کیسے لڑائی لڑی جانی ہے۔’

بتا دیں کہ اس سے پہلے دلیپ گھوش نے کہا تھا کہ پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے والے لوگوں کو اتر پردیش اور آسام  کی طرح گولی مار دی جائے گی۔گھوش نے مغربی بنگال کے نادیہ ضلعے میں ایک ریلی کو خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ کیونکہ انہوں نے پچھلے سال دسمبر میں شہریت قانون کی مخالفت کے دوران ریلوے کی جائیداد  اور پبلک ٹرانسپورٹ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف لاٹھی چارج یا گولی چلانے کا حکم  نہیں دیا تھا۔

گھوش نے کہا تھا کہ آسام  اور اتر پردیش میں ہماری سرکار نے ان مظاہرین  کو کتوں کی طرح مارا تھا۔ انہیں گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔’

وہیں گزشتہ ہفتے گھوش نے پارٹی کی ریلی کے دوران ایک ایمبولنس کو راستا نہیں دینے دیا تھا۔ اس دوران وہ ضلعے کے کرشن نگر میں ریلی کو خطاب  کر رہے تھے۔اس واقعہ کا ویڈیو وائرل ہو گیا تھا، جس میں گھوش کو ایمبولینس کے ڈرائیور سے کسی اور راستے سے جانے کو کہتے  ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

بتا دیں  کہ گزشتہ  کئی دنوں سے شہریت قانون کی مخالفت میں ملک  بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اتر پردیش میں مظاہروں کے دوران ہوئے تشدد  میں کئی لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ وہیں، آسام  سمیت  ملک بھر میں این آرسی کی مخالفت  میں بھی مظاہرے ہو رہے ہیں۔