کیرل سے لوک سبھا ایم پی تھرور نے گزشتہ سال بنگلور لٹریچر فیسٹیول میں دعویٰ کیا تھا کہ ایک نا معلوم آر ایس ایس لیڈر نے وزیراعظم نریندر مودی کا موازنہ’ شیو لنگ پر بیٹھے بچھوسے کیا تھا۔’
نئی دہلی: کانگریسی رہنما اور لوک سبھا ایم پی ششی تھرور کے خلاف دہلی کے راؤزایونیو کورٹ نے منگل کو ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔ تھرور پر الزام ہے کہ وہ ہتک عزت کے ایک معاملے میں کورٹ میں پیش نہیں ہوئے۔خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، کورٹ نے بی جے پی رہنما راجیو ببر کی شکایت کے بعد تھرور کے خلاف یہ وارنٹ جاری کیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق، کیرل سے لوک سبھا ایم پی تھرور نے گزشتہ سال بنگلور لٹریچر فیسٹیول میں دعویٰ کیا تھا کہ ایک نا معلوم آر ایس ایس لیڈر نے وزیراعظم نریندر مودی کا موازنہ’ شیو لنگ پر بیٹھے بچھوسے کیا تھا۔’
واضح ہو کہ بی جے پی رہنما راجیو ببر نے تھرور کے خلاف شکایت درج کراتے ہوئے کہا تھا کہ کانگریسی رہنما کے بیان سے ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے،ان کے بیان سے ملک بھر کے لاکھوں -کروڑوں شیو بھکتوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔
بتا دیں کہ کورٹ نے کانگریسی رہنما کو اب 27 نومبر کو کورٹ میں پیش ہونے کے لئے کہا ہے ۔ اس کے علاوہ ان پر 5000 روپے کا جرمانہ بھی لگایا گیا ہے۔