اتر پردیش کے میرٹھ میں شہریت ترمیم قانون کی حمایت میں ایک ریلی کو خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر سنجیو بالیان نے کہا کہ جے این یو اور جامعہ میں جو لوگ ملک مخالف نعرے لگاتے ہیں، ان کے لیے صرف ایک علاج ہے۔ میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے گزارش کرتا ہوں کہ مغربی یوپی کا وہاں 10 فیصدی کوٹا کروا دو پھر سبھی کا علاج کر دیں گے، کسی کی ضرورت نہیں پڑےگی۔
نئی دہلی: مرکزی وزیر سنجیو بالیان نے جمعرات کو کہا کہ ان کے پاس جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا کے لیے صحیح علاج ہے۔ بتا دیں کہ، دونوں یونیورسٹی میں حال میں مظاہرے ہوئے ہیں۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، انہوں نے کہا، ‘یونیورسٹی میں مغربی اتر پردیش کے لوگوں کے لیے 10 فیصدی سیٹیں چھوڑ دیں اور پھر سب کا علاج کر دیا جائے گا۔’
اتر پردیش کے میرٹھ میں ایک عوامی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر سنجیو بالیان نے کہا، ‘میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے گزارش کرتا ہوں، جے این یو اور جامعہ میں جو لوگ ملک مخالف نعرے لگاتے ہیں، ان کے لیے صرف ایک علاج ہے۔ مغربی یوپی کا وہاں 10 فیصدی کوٹا کروا دو… سبھی کا علاج کر دیں گے، کسی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔’
بالیان میرٹھ میں شہریت ترمیم قانون (سی اے اے) کی حمایت میں ایک ریلی کو خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیم قانون پاس کئے جانے کے بعد مغربی اتر پردیش میں بد امنی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے پوچھا، ‘یہ لوگ کہاں سے آئے؟ وہ لوگ سڑکوں پر کیوں آئے؟’ انہوں نے کہا کہ یہ قانون شہریت دینے کا ہے نہ کہ چھیننے کا۔انہوں نے کہا کہ جے این یو اور جامعہ کے موازنے میں میرٹھ کالج کے کہیں زیادہ طلبا اس قانون کی حمایت میں ہے۔