سال 2018 میں رشی کپور کے کینسر سے متاثر ہونے کے بارے میں پتہ چلا تھا۔ اس کے بعد وہ علاج کے لیے امریکہ چلے گئے تھے اور تقریباً ایک سال وہاں رہنے کے بعد پچھلے سال ستمبر میں ممبئی لوٹے تھے۔
رشی کپور(فوٹوبہ شکریہ: فیس بک)
نئی دہلی: ہندی سنیما کے معروف اداکار رشی کپور کاجمعرات کو ممبئی میں انتقال ہو گیا۔ وہ 67 سال کے تھے اور پچھلے کچھ سالوں سے کینسر سے متاثر تھے۔رشی کپور کے بڑے بھائی رندھیر کپور نے ان کے انتقال کی کی جانکاری دی۔اس سے پہلے بدھ کی رات کو رندھیر کپور نے بتایا تھا کہ وہ کینسر سے متاثر ہیں اور انہیں سانس لینے میں پریشانی ہو رہی ہے، اس لیے ان کو ہاسپٹل میں بھرتی کرایا گیا ہے۔
جمعرات کی صبح کو آخری سانس لینے سے پہلے وہ پچھلے ایک ہفتے سے ممبئی کے ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن ہاسپٹل کے آئی سی یو میں بھرتی تھے۔سال 2018 میں رشی کپور کے کینسر سے متاثر ہونے کے بارے میں پتہ چلا تھا۔ اس کے بعد وہ علاج کے لیے امریکہ چلے گئے تھے اور بیوی اواداکارہ نیتو کے ساتھ تقریباً ایک سال وہاں رہنے کے بعد وہ پچھلے سال ستمبر میں ممبئی لوٹے تھے۔
کپور فیملی نے ایک بیان جاری کرکے کہا، ‘لیوکیمیا (ایک طرح کا کینسر)کے ساتھ دو سال کی لڑائی کے بعد آج صبح 8:45 بجے ہمارے پیارے رشی کپور کا ہاسپٹل میں انتقال ہو گیا۔ ہاسپٹل کے ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹاف نے کہا کہ آخری وقت میں بھی وہ ان کو انٹرٹین کرتے رہے۔ وہ خوش رہے اور دوبراعظم میں دو سالوں تک علاج کرانے کے دوران جینے کے لیے پرعزم دکھے۔’
بیان کے مطابق، ‘فیملی، دوست، کھانااور فلموں کی ان کی پسند بنی رہی۔ اس دوران ان سے ملنے والا ہر کوئی اس بات سے حیران تھا کہ انہوں نے اپنی بیماری کو اپنے اوپر کیسے حاوی نہیں ہونے دیا؟ وہ دنیا بھر سے آنے والے اپنے مداحوں کے پیار کے لیے مشکور تھے۔ ان کے جانے کے بعد وہ(مداح)سبھی اس بات کو سمجھیں گے کہ وہ (رشی)اپنی موت کو خوشی کے ساتھ یاد کیا جانا پسند کریں گے، نہ کہ آنسوؤں کے ساتھ۔’
بیان میں آگے کہا گیا ہے، ‘اس ذاتی نقصان کے وقت (کو رونا وائرس) ہمیں یہ دھیان رکھنا ہے کہ پوری دنیا ابھی خراب وقت سے گزر رہی ہے۔ (لاک ڈاؤن کی وجہ سے)لوگوں کے آنے جانے اور بھیڑ جمع ہونے پر تمام پابندی لگی ہیں۔ ہمارا ان کے سبھی مداحوں ، فیملی کے دوستوں اور خیرخواہوں سے اپیل ہے کہ قانون نافذ ہے،برائے مہربانی اس پر عمل کریں۔’
رشی کپور راج کپور اور کرشنا کپور کے بیٹے تھے۔ ان کا جنم 4 ستمبر 1952 کو ہوا تھا۔ انہوں نے پہلی بار تین سال کی عمر میں شری 420 فلم میں اداکاری کی تھی ۔ اس کے بعد انہوں نے راج کپور کی ہدایت والی میرا نام جوکر میں بھی کام کیا۔حالانکہ، ایک ااداکار کے طورپر انہوں نے اپنی فلمی پاری کی شروعات آر کے فلم کے بینر تلے بنی فلم بابی سے کی اور اسی کے ساتھ وہ لوگوں کے دلوں کی دھڑکن بن گئے۔
1970 اور 1990 کی دہائی میں رشی کپور ایک بےحدمقبول اداکار تھے اور اس دوران انہوں نے امر اکبر انتھنی، قلی، قرض اور چاندنی جیسی ڈھیروں فلموں میں کام کیا۔اپنی دوسری پاری میں انہوں نے ہم تم، لو آج کل، اگنی پتھ، کپور اینڈ سنس جیسی فلموں میں بھی اپنے کردار کو بھی بخوبی نبھایا۔ ان کی آخری فلم ا عمران ہاشمی کے ساتھ د ی باڈی تھی۔
رشی کپور کے پسماندگان میں ان کی بیوی نیتو کپور، بیٹے رنبیر کپور اور بیٹی ردھما کپور ہیں۔بتا دیں کہ گزشتہ بدھ کو بالی وڈ کے ساتھ بین الاقوامی فلموں میں کام کرکے اپنی الگ پہچان بنا چکے عرفان خان کا 54 سال کی
عمر میں انتقال ہو گیا۔ وہ بھی کینسر سے متاثر تھے۔