ہری دوارکے ہیٹ اسپیچ معاملے میں پولیس نے تیاگی عرف وسیم رضوی  اور دیگر کےخلاف مقدمہ درج کیا

02:54 PM Dec 25, 2021 | دی وائر اسٹاف

ہری دوار میں ہوئے دھرم سنسد میں نفرت بھری بیان بازی کے الزام میں اتراکھنڈ پولیس نے جتیندر نارائن تیاگی عرف وسیم رضوی اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔رضوی اتر پردیش سینٹرل شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین تھے۔حالاں کہ مسلمانوں کےقتل عام کی اپیل کرنے والے نرسمہانند گیری، سوامی پربودھانند گیری، سادھوی اناپورنا عرف پوجا شکن پانڈے اور سوامی آنندسوروپ کے خلاف ابھی تک معاملہ درج نہیں ہوا ہے۔

اتراکھنڈ پولیس۔ (علامتی تصویر، فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: اتراکھنڈ پولیس نے ہری دوار میں منعقد مدھرم سنسد میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز اور اشتعال انگیز بیانات کے الزام میں جتیندر نارائن تیاگی عرف وسیم رضوی اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

وسیم رضوی اتر پردیش سینٹرل شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین تھے،جنہوں نے حال ہی میں ہندو مذہب اختیار کیا ہے۔

اتراکھنڈ پولیس نے ایک ٹوئٹ میں کہا، سوشل میڈیا پر ایک خاص مذہب کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرکے نفرت پھیلانے کے وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے، وسیم رضوی عرف جتیندر نارائن تیاگی اور دیگر کے خلاف کوتوالی ہری دوار میں آئی پی سی کی  دفعہ 153اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ دھرم سنسد میں مسلمانوں کے قتل عام کی اپیل کرنے والے سوامی پربودھانند گیری، سادھوی اناپورنا عرف پوجا شکن پانڈے اور سوامی آنندسوروپ کے خلاف ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔

اس دھرم سنسد کااہتمام ہندوتوا لیڈریتی نرسمہانند گیری(قبل میںسرسوتی)نےکیا تھا، جو ہیٹ اسپیچ کے لیےمعروف ہیں ۔ ان کا نام بھی ایف آئی آر میں نہیں ہے۔

اس تقریب کے وائرل ویڈیو میں نرسمہانند کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اگر ہندو نوجوان ایل ٹی ٹی ای کے لیڈر ‘پربھاکرن’ یا ‘بھنڈرانوالے’ کی طرح بنتے ہیں تو انہیں ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا، جب ہمیں مدد کی ضرورت پڑی تو ہندو برادری نے ہماری مدد نہیں کی۔ لیکن اگر کوئی نوجوان کارکن ہندو پربھاکرن بننے کے لیے تیار ہے تو میں اسے کسی اور سے پہلے ایک کروڑ روپے دوں گا۔

دی ہندو کو دیےایک بیان میں، ڈی جی پی اشوک کمار نے کہا کہ پولیس کو ایک شکایت موصول ہوئی تھی جس کی بنیاد پر آئی پی سی کی دفعہ153اے (مذہب کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا)کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

اس سے قبل ترنمول کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے جمعرات کو ہری دوار میں حال ہی میں منعقددھرم سنسد کے منتظمین اور مقررین کے خلاف فوراً کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

ترنمول کانگریس کے قومی ترجمان ساکیت گوکھلے نے اس سلسلے میں اتراکھنڈ کے ہری دوار ضلع کے جوالپور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی اور تھانہ انچارج سے 24 گھنٹے کے اندر ایف آئی آر درج کرنے کو کہا تھا۔

گوکھلے نے ٹوئٹر پر اپنی شکایت کی ایک کاپی بھی شیئر کی ہے۔

اس تقریب میں بی جے پی لیڈر اشونی اپادھیائے نے بھی شرکت کی تھی،  جنہیں کچھ وقت پہلے جنتر منتر پر مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔اس متنازعہ پروگرام میں بی جے پی مہیلا مورچہ کی لیڈر ادیتا تیاگی نے بھی شرکت کی تھی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مقتدرہ پارٹی ایسے لوگوں کو شہ دے رہی ہے۔