یہ معاملہ پریاگ راج کے بلکارن پور کے آدرش جنتا انٹر کالج کا ہے۔ ٹیچر نے طالبات سے چھیڑ خانی کو لے کر اسٹوڈنٹس کو پھٹکار لگائی تھی۔
نئی دہلی: اترپردیش کے پریاگ راج کے سوراؤ ں میں چھیڑ چھاڑ کی مخالفت کرنے پر کچھ اسٹوڈنٹس کے ذریعے ایک ٹیچر کی بے رحمی سے پٹائی کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق،یہ واقعہ بلکارن پور کے آدرش جنتا انٹر کالج کا ہے۔جہاں ایک ٹیچر نے مبینہ طور پر کچھ لڑکوں کے ذریعے لڑکیوں سے بد تمیزی کرنے پر ان کو ڈانٹ پھٹکار لگائی۔ اس کی وجہ سے اسٹوڈنٹس نے ٹیچر کی بے رحمی سے پٹائی کر دی۔
گنگا پار ایس ایس پی ناگیندر سنگھ نے بتایا کہ اس بارے میں معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمین اسٹوڈنٹس کو پکڑنے کے لیے تلاشی لی جا رہی ہے۔
سنگھ نے کہا ،’اسکول میں ہیلتھ چیک اپ کے دوران آنے جانے میں کچھ طلبہ،طالبات پر گر گئے۔ اس پر ٹیچر نے لڑکوں کو ٹوکا اور ان کو پھٹکار لگائی، جس کے بعد طلبہ گھر گئے اور اپنے والدین کو اپنے ساتھ لے آئے، جنھوں نے طلبا کے ساتھ مل کر ٹیچر کی لاٹھی ڈنڈوں سے پٹائی کر دی۔
اس واقعہ کا ویڈیو وائرل ہو گیا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹوڈنٹ ٹیچر کو کلاس روم سے کھینچ کر باہر لاتے ہیں اور لاٹھی ڈندوں سے ان کی جم کر پٹائی کرنے لگتے ہیں۔اس دوران ٹیچر بھاگنے کی کوشش بھی کرتے ہیں لیکن ان کو پکڑ کر زمین پر گرا دیا جاتا ہے اوربے رحمی سے ان کی پٹائی کر دی جاتی ہے۔اس دورن وہ اپنے آپ کو بچانے کی فریاد بھی کرتے رہے لیکن کسی نے ان کی نہیں سنی۔
ملزمین نے سی سی ٹی وی، فرنیچر وغیرہ بھی توڑ ڈالے اور وہاں رکھے تمام کاغذات پھاڑ دیے۔پولیس نے زخمی ٹیچر کو علاج کے لیے سوراؤں سی ایچ سی بھیج دیا ہے،جہاں سے ان کو ضلع ہاسپٹل ریفر کیا گیا ہے۔