یوپی ایس ٹی ایف نے جاری کی 52 موبائل ایپ کی فہرست، ملازمین کو دی ڈیلیٹ کر نے کی ہدایت

02:23 PM Jun 22, 2020 | دی وائر اسٹاف

اتر پردیش ایس ٹی ایف کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک، وی گو، وی چیٹ، شیئر اٹ، ایم آئی اسٹور، کوائی، یو سی براؤزر جیسے 52 ایپ کے ذریعے فون کا اہم  ڈیٹا چوری ہو سکتا ہے، اس لیےایس ٹی ایف سے وابستہ تمام  ملازمین فوراً اس کواپنے اور اپنےاہل خانہ  کے فون سے ڈیلیٹ کر دیں۔

(فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی : اتر پردیش ایس ٹی ایف نے اپنے تمام افسران اورملازمین سے اپنے موبائل سے 52 ایپ ڈیلیٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، اس بارے میں اتر پردیش اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف)کے آئی جی امیتابھ یش نے جمعہ کو ایک آرڈر جاری کیا، جس میں ایس ٹی ایف سے وابستہ تمام ملازمین کو ہدایت  دی گئی ہے کہ وہ اپنے اور اپنے اہل خانہ  کے فون سے فوراً 52 ایپ کو ڈیلیٹ کر دیں۔

ایس ٹی ایف کا کہنا ہے کہ ان ایپ کے ذریعے فون کا اہم ڈیٹا چوری ہو سکتا ہے۔ایس ٹی ایف کے آئی جی امیتابھ یش نے اس آرڈرکی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایس ٹی ایف ٹیم کو ایسا آرڈر دیا گیا ہے۔اتر پردیش کے اےڈی جی(نظم ونسق)پرشانت کمار کا کہنا ہے کہ آئی جی کی ہدایت پر صرف ایس ٹی ایف کو یہ ہدایت دی گئی ہے۔

دینک بھاسکر کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی وزارت داخلہ کے گائیڈ لائنز کا حوالہ دیتے ہوئے ایس ٹی ایف کے افسران اور ملازمین کے لیے آرڈرجاری کیا گیا ہے کہ اپنے اوراہل خانہ  کے موبائل فون سے یہ ایپ ہٹا دیں۔مرکزی وزارت داخلہ نے بھی ان ایپ کو استعمال نہ کرنے کی صلاح دی ہے۔ ان کے ذریعے نجی اور دوسرے ڈیٹا چرائے جانے کے خدشہ کا اظہار کیا گیا ہے۔

ریاست میں کسی سکیورٹی ایجنسی کے ذریعے سب سے پہلے یہ کارروائی کی گئی ہے۔سکیورٹی  ایجنسیوں نے ایسے 52 ایپ کی پہچان کی ہے، جو ملک کی سلامتی  کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ایجنسیوں کی جانب سے سرکار سے اپیل کی گئی ہے کہ چین سے وابستہ  52 موبائل ایپ کو بلاک کر دیا جائے یا ہندوستانیوں کو ان ایپ کے استعمال نہ کرنے کی صلاح دی جائے۔

ایجنسیوں کی دلیل ہے کہ ان 52 چینی ایپ کا استعمال کرنامحفوظ نہیں ہے۔ یہ ایپ ہندوستانیوں کا ڈیٹا بڑے پیمانے پر ملک سے باہر بھیج رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ چینی ڈیولپرس کی طرف سے تیار یا چینی لنکس والے ایپ کا استعمال اسپائی ویئر یا دوسرے نقصان پہنچانے والے ویئر کےطور پر ہو سکتا ہے۔

ان 52 ایپ کی فہرست میں ٹک ٹاک، وی گو، وی چیٹ، شیئر اٹ، ایم آئی سٹور، کوائی، یو سی براؤزروغیرہ شامل ہیں۔