مالدہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ گزشتہ 26 جون کو مالدہ کے بیشنو نگر بازار میں مقامی لوگوں نے مبینہ طور پر بائیک چراتے ہوئی پکڑے جانے پر 20 سالہ ثناالشیخ کی پٹائی کر دی تھی۔ گزشتہ اتوار کو کولکاتہ سے نوجوان کی لاش مالدہ پہنچنے پر مظاہرہ ہوا۔
فوٹو: بہ شکریہ وکی میڈیا کامنس
نئی دہلی: مغربی بنگال کے مالدہ میں موٹر سائیکل چرانے کے الزام میں مقامی لوگوں نے ایک شخص کی جم کر پٹائی کر دی جس کی وجہ سے اس کی موت ہو گئی۔ اس کی لاش کولکاتہ کے ہاسپٹل سے اتوار کو مالدہ پہنچنے پر مظاہرہ شروع ہو گیا۔مالدہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ آلوک راجوریہ نے کہا کہ 20 سالہ ثناالشیخ کا پیٹ- پیٹ کر قتل کرنے کے معاملے میں 2 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ گزشتہ 26 جون کو بیشنو نگر بازار میں مقامی لوگوں نے مبینہ طور پر بائیک چراتے ہوئے پکڑے جانے پرشیخ کی پٹائی کی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ حملے کا مبینہ ویڈیو وائرل ہو گیا جس کی بنیاد پر کچھ ملزمین کی شناخت ممکن ہو سکی ہے۔شیخ کو پہلے بیدرآباد پرائمری ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا جہاں سے اس کو مالدہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل بھیجا گیا۔ بعد میں اس کو کولکاتہ کے ایس ایس کے ایم ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا جہاں گزشتہ 29 جون کو شیخ کی موت ہو گئی۔
مالدہ ضلع کاؤنسل کے سینئر افسر چندنا سرکار نے کہا کہ واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ نہیں دیا جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ شیخ ہسٹری شیٹر تھا اور چوری کے کئی معاملوں میں پہلے گرفتار ہو چکا تھا۔ سوموار کو انھوں نے کہا،’ان کی (ثناالشیخ)کی بیوی سے آج میری ملاقات ہوئی۔ ہم انسانی بنیاد پر ان کی فیملی کی مدد کر رہے ہیں۔’
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ثناالشیخ کی ماں کی شکایت کے بعد ہم نے آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کر جانچ شروع کر دی ہے۔ غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں جھارکھنڈ میں بائیک چرانے کے شک میں
تبریز انصاری (22) کو بری طرح سے پیٹا گیا تھا، جس کے بعد اس نے 23 جون کو ہاسپٹل میں دم توڑ دیا تھا۔یہ معاملہ ایک ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سامنے آیا تھا، جس میں ملزم پنکج منڈل درخت سے بندھے تبریز انصاری کو پیٹتے ہوئے دکھ رہا تھا۔ تبریز کو ‘ جئے شری رام ‘ کے نعرے لگانے کو کہا گیا تھا۔