مودی، شاہ پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام، سپریم کورٹ میں کل ہوگی شنوائی

03:55 PM Apr 29, 2019 | دی وائر اسٹاف

کانگریس وومین ونگ کی صدر سشمتا دیو نے عرضی دائر کر کے شکایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ذریعے واضح پابندی کے باوجود مودی اور شاہ نے نفرت پھیلانے والی تقریر کی اور آرمڈ فورسز  کا اپنی ریلیوں میں استعمال کیا۔

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی:سپریم کورٹ کل یعنی کہ منگل کو کانگریس ایم پی اور پارٹی وومین ونگ کی صدر سشمتا دیو کی ایک عرضی پر شنوائی کرے گا، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن وزیر اعظم مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ کے ذریعے کیا جا رہے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایتوں پر کوئی کارروائی نہیں کر رہا ہے۔

لائیو لاء کی خبر کے مطابق؛چیف جسٹس رنجن گگوئی کے سامنے اس عرضی کو پیش کیا گیا تھا۔ دیو نے شکایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ذریعے واضح پابندی کے باوجود مودی اور شاہ نے نفرت پھیلانے والی تقریر کی اور آرمڈ فورسز  کا اپنی ریلیوں میں استعمال کیا۔سشمتا دیو کا دعویٰ ہے کہ کانگریس کے پاس ان الزامات کے واضح ثبوت ہیں۔

جب کانگریس ایم پی اور سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے اس عرضی کو پیش کیا،تو چیف جسٹس نے پوچھا کہ خلاف ورزی کس کے ذریعے کیے جانے کا الزام ہے۔ اس پر سنگھوی نے وزیر اعظم اور امت شاہ کا نام لیا،تو چیف جسٹس گگوئی نے کہا،’دھیان رکھیے…آپ کوآخر میں سنا جائے گا۔’

عرضی گزار نے کہا کہ 10 مارچ 2019 سے یعنی کہ جب سے عام انتخابات 2019 کا اعلان کیا گیا ہے،تب سے مودی اور امت شاہ ،خاص طور پر حساس علاقوں اور ریاستوں میں ،عوامی نمائندگی قانون اور انتخابی اصولوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔