ہریانہ: چوری کے بعد چور نے لوٹایا کووڈ ٹیکہ، کہا-ساری پتہ نہیں تھا کورونا کی دوائی ہے

01:22 PM Apr 24, 2021 | دی وائر اسٹاف

ہریانہ کے جیندواقع سول اسپتال کا معاملہ۔ اسپتال سے کووڈ 19 ویکسین سے بھرا بیگ چوری ہو گیا تھا۔ جیند کے ڈی ایس پی نے کہا کہ اس سلسلے میں کیس درج کرنامعلوم  چور کی تلاش کی جا رہی ہے۔

چور کے ذریعے لوٹائے گئے بیگ کے ساتھ چھوڑی گئی چٹھی۔ (فوٹوبہ شکریہ ٹوئٹر)

نئی دہلی: کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کے بیچ ہریانہ میں چوری کا عجیب و غریب معاملہ سامنے آیا ہے۔ گزشتہ  جمعرات  کو صوبے کے جیند میں ایک چور کووڈ 19 ویکسین کا لگ بھگ 1700 ڈوز لےکر فرار ہو گیا تھا۔ یہ ٹیکہ ایک بیگ میں رکھا ہوا تھا۔ بعد میں جب اسے ممکنہ طور پر اس بات کا احساس ہوا کہ یہ ٹیکہ کووڈ 19 کا ہے تو نامعلوم  ملزم نے اسے واپس کر دیا۔

چوری کی یہ واردات سول اسپتال کے اسٹورروم میں ہوئی۔اتنا ہی نہیں کووی شیلڈ اور کو ویکسین سے بھرا ہوا بیگ لوٹانے کے ساتھ چور نے اس میں ایک چھوٹی سی چٹھی بھی رکھی تھی، جس میں لکھا تھا، ‘ساری پتہ نہیں تھا کورونا کی دوائی ہے۔’

پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کر ملزم چور کی تلاش شروع کر دی ہے۔جمعرات کی دوپہر چور نے یہ بیگ سول لائنس پولیس اسٹیشن کے باہر چائے کی دکان پر ایک شخص کو دیا۔نامعلوم چور نے اس شخص کو بتایا کہ وہ کھانا ڈلیوری کا کام کرتا ہیں اور اسے جلد ہی کسی دوسری جگہ پہنچنا ہے۔

پولیس کو شک ہے کہ چور نے کووڈ ٹیکہ کو اینٹی وائرل ڈرگ ریمڈیسور سمجھ چرایا ہوگا۔

منٹ کی رپورٹ کے مطابق، جیند کےڈی ایس پی جتیندر کھاٹکر نے بتایا،‘جمعرات  صبح ہمیں اسپتال سے کووڈ 19 ویکسین کے 1710 ڈوز چوری ہونے کی شکایت ملی تھی۔ ہم نے معاملے کی جانچ شروع کر دی تھی، حالانکہ دوپہر میں ایک نامعلوم شخص نے ویکسین کو سول لائنس تھانے کے باہر ایک بزرگ شخص کو دے دیا اور کہا کہ یہ تھانے کے منشی کا دوپہر کا کھانا ہے۔’

انہوں نے بتایا کہ جب اس بزرگ شخص نے بیگ تھانے میں لوٹایا تب اسپتال سے غائب کووڈ 19 ویکسین اس میں ملے۔

ڈی ایس پی نے کہا، ‘ہم جلد سے جلد چور کو پکڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ثبوت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کر رہے ہیں۔ چوروں کا ارادہ ویکسین چرانے کا نہیں تھا، یہ کچھ اور بات ہے۔ اگر ویکسین چرانا ان کا مقصد ہوتا تو وہ اسے لوٹاتے نہیں۔’

معلوم ہو کہ کووڈ 19 ٹیکہ کاری  کا تیسرامرحلہ ایک مئی کو شروع ہو رہا ہے، جس میں 18 سال کے اوپر کے لوگ بھی ٹیکہ لگوا سکتے ہیں۔