سیبی نے پرنئے رائے اور رادھیکا رائے کو این ڈی ٹی وی میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر بنے رہنے پر لگائی روک

02:10 PM Jun 15, 2019 | دی وائر اسٹاف

این ڈی ٹی وی کے ایک شیئر ہولڈر کوانٹم سکیورٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ کی طرف سے سال 2017 میں کی گئی شکایت کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔ شکایت میں وی سی پی ایل کے ساتھ کئے گئے لون سمجھوتوں کے بارے میں اہم جانکاری چھپاکر اصولوں کو توڑنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

نئی دہلی: سیبی نے این ڈی ٹی وی لمیٹڈ کے پرموٹرس پرنئے رائے اور رادھیکا رائے پرپونجی بازار میں دو سال تک کے لئے پابندی لگا دی ہے۔ ان دونوں کے ساتھ ان کی ہولڈنگ کمپنی کو بھی پونجی  بازار کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے پابندی لگادی گئی  ہے۔اس کے ساتھ ہی اس مدت تک کے لئے دونوں پرموٹرس کی کمپنی کے اعلیٰ انتظامیہ یا بورڈ کی رکنیت پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔سیبی نے اپنےحکم میں کہا ہے کہ رائے میاں بیوی دو سال تک کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر یا اعلیٰ انتظامیہ میں کسی طرح کے کردار ادا کرنے پر پابندی لگائی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی دونوں اب کسی دیگر کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر یا اعلیٰ انتظامیہ میں بھی ایک سال تک کسی عہدے پر نہیں رہ سکتے۔

کمپنی کی طرف سے کئے گئے تین لون سمجھوتوں کی جانکاری چھوٹے شیئر ہولڈر کو نہیں دےکر ضابطہ کی خلاف ورزی کے معاملے میں یہ کارروائی ہوئی ہے۔ ان میں ایک لون آئی سی آئی سی آئی سے متعلق ہے، جبکہ دو دیگر لون وشوپردھان کمرشیل پرائیویٹ لمیٹڈ(وی سی پی ایل)سے متعلق ہیں۔جمعہ کی شام  ایک بیان جاری کرتے ہوئے این ڈی ٹی وی کے بانی پرنئے اور رادھیکا رائے نے سیبی کے حکم کو قانون اور طے شدہ کارروائی کے خلاف بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مدعوں پر یہ غلط حکم دیا گیا ہے، جن کا ذکر وجہ بتاؤ نوٹس میں نہیں تھا۔ ہم قانونی صلاح لےکر کچھ دنوں میں اس حکم کو کورٹ میں چیلنج دیں‌گے۔

براڈ کاسٹ کمپنی نے ایک بیان میں کہا، این ڈی ٹی وی کے پرموٹرس رادھیکا اور پرنئے رائے کا ماننا ہے کہ این ڈی ٹی وی میں انہیں ڈائریکٹر کے عہدے سے ہٹنے اور کوئی انتظامی عہدہ نہ رکھنے کو کہنے والا سیبی کاحکم غلط تجزیے پر مبنی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ غیر عملی اور طے شدہ ضابطے کے خلاف ہے ۔ سیبی کا یہ حکم ان نتائج پر مبنی ہے جن کا ذکر وجہ بتاؤ نوٹس میں نہیں ہے ۔ صلاح و مشورے کے بعد وہ اگلے کچھ دنوں میں ضروری کارروائی کریں گے۔سیبی کی طرف سے جاری 51 پیج کے حکم میں کہا گیا ہے کہ آر آر پی آر، پرنئے رائے اور رادھیکا رائے کو سکیورٹی کی خرید، اس سے براہ راست یا بالواسطہ طور پر جڑے رہنے سے فوری  اثر سے پابندی لگائی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ روک میوچول فنڈ یونٹ پر بھی رہے‌گی۔

این ڈی ٹی وی کے ایک شیئر ہولڈر کوانٹم سکیورٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ کی طرف سے سال 2017 میں کی گئی شکایت کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔ شکایت میں وی سی پی ایل کے ساتھ کئے گئے لون سمجھوتوں کے بارے میں اہم جانکاری چھپاکر اصولوں کو توڑنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)