پدم شری اور پدم وبھوشن سے سرفراز سنتور نواز پنڈت شیو کمار شرما 1938 میں جموں میں پیدا ہوئے۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ پہلے موسیقار تھے، جنہوں نےسنتور پر ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی دھنیں بکھیریں۔ سنتور جموں و کشمیر کا ایک لوک ساز ہے۔ بانسری نواز پنڈت ہری پرساد چورسیا کے ساتھ ان کی جوڑی کو ‘شیو ہری’ کا نام دیا گیا تھا۔ اس جوڑی نے ‘سلسلہ’، ‘لمحے’ اور ‘چاندنی’ جیسی کئی فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی۔
نئی دہلی: سنتور کو دنیا بھر میں پہچان دلانے والے میوزک کمپوزر پنڈت شیو کمار شرما کا منگل کی صبح ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ شرما کی عمر 84 سال تھی۔ وہ ہندوستان کے معروف کلاسیکی موسیقاروں میں سے ایک تھے جنہوں نے فلموں میں بھی موسیقی ترتیب دی تھی۔
ان کے سکریٹری دنیش نے بتایا کہ شرما کا انتقال ممبئی کے پالی ہل واقع ان کی رہائش گاہ پر صبح آٹھ سے ساڑھے آٹھ بجے کے درمیان ہوا۔ اگلے ہفتے وہ بھوپال میں ایک پروگرام پیش کرنے والے تھے۔ وہ گردے کی بیماری میں مبتلا تھے۔
شرما کے خاندانی ذرائع نے بتایا،انہیں صبح دل کا دورہ پڑا۔ وہ ٹھیک تھے اور اگلے ہفتے ان کا پروگرام بھوپال میں ہونا تھا۔
پسماندگان میں بیوی منورما اور بیٹے راہل اور روہت ہیں۔
شیوکمار شرما کو 1986 میں سنگیت ناٹک اکادمی ایوارڈ، 1991 میں پدم شری اور 2001 میں پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔
شرما 1938 میں جموں میں پیدا ہوئے۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ پہلے موسیقار تھے، جنہوں نے سنتور پر ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی دھنیں بکھیریں۔ سنتور جموں و کشمیر کا ایک لوک ساز ہے۔
جموں و کشمیر کے تقریباً نامعلوم لوک ساز سنتورکو شیوکمار شرما نے کلاسیکی درجہ دیا اور انہیں ستار اور سرود جیسے دیگر روایتی اور معروف موسیقی آلات کے برابرلانے کا سہرا دیا جاتا ہے۔
بانسری نواز پنڈت ہری پرساد چورسیا کے ساتھ شرما کی جوڑی کو ‘شیو ہری’ کا نام دیاگیا تھا۔ دونوں نے ‘سلسلہ’، ‘لمحے’ اور ‘چاندنی’ جیسی کئی فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی، جسے لوگوں نے خوب پسند کیا۔
شیوکمار کے بیٹے راہل شرما بھی سنتور نواز ہیں۔
شرما کی موت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے معروف سرود نواز امجد علی خان نے ٹوئٹ کیا، پنڈت شیو کمار شرما جی کی موت سے ایک دور کا خاتمہ ہو گیا۔ وہ سنتور کے ماہر تھے اور ان کی خدمات بے مثال ہیں۔ یہ میرے لیے ذاتی نقصان ہے اور میں انہیں ہمیشہ بہت یاد کروں گا۔ خدا ان کی روح کو سکون دے۔ ان کی موسیقی ہمیشہ زندہ رہے گی۔ اوم شانتی۔
The passing away of Pandit Shiv Kumar Sharmaji marks the end of an era. He was the pioneer of Santoor and his contribution is unparalleled. For me, it’s a personal loss and I will miss him no end. May his soul rest in peace. His music lives on forever! Om Shanti pic.twitter.com/GcLSF0lSh2
— Amjad Ali Khan (@AAKSarod) May 10, 2022
شرما کی موت پر وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر نے بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
مودی نے کہا، پنڈت شیوکمار شرما جی کی موت سے ہماری ثقافتی دنیا کو نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے سنتور کو عالمی سطح پر مقبول بنایا۔ ان کی موسیقی آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔ ان کے ساتھ ہوئی بات چیت مجھے یاد ہے۔ ان کے خاندان اور مداحوں سے میری تعزیت۔ اوم شانتی۔
Our cultural world is poorer with the demise of Pandit Shivkumar Sharma Ji. He popularised the Santoor at a global level. His music will continue to enthral the coming generations. I fondly remember my interactions with him. Condolences to his family and admirers. Om Shanti.
— Narendra Modi (@narendramodi) May 10, 2022
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ٹوئٹ کیا،معروف سنتور نواز اور بین الاقوامی سطح کے ہندوستانی میوزک کمپوزر پنڈت شیوکمار شرما کے انتقال کے بارے میں جان کر دکھ ہوا۔ ان کے انتقال سے ثقافتی دنیا کو نقصان پہنچا ہے۔ میری تعزیت۔
Sad to know about the demise of Pandit Shiv Kumar Sharma, eminent Santoor player and internationally celebrated Indian music composer. His departure impoverishes our cultural world. My deepest condolences.
— Mamata Banerjee (@MamataOfficial) May 10, 2022
غزل گلوکار پنکج ادھاس، میوزک کمپوزر سلیم مرچنٹ اور اداکارہ شبانہ اعظمی نے بھی شرما کے انتقال پر تعزیت کی۔
اُدھاس نے کہا، ہم نے آج ایک رتن کھو دیا ہے، ان کی روح کو سکون ملے۔
We have lost a gem today Padma Vibhushan Shri Shiv Kumar Sharma ji Santoor virtuoso a big loss to the Indian classical music
May his soul rest in eternal peace
Om Shanti pic.twitter.com/RO72PJVfeC— Pankaj Udhas (@Pankajkudhas) May 10, 2022
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے شرما کی آخری رسومات کی ادائیگی کا اعلان کیا ہے۔
مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے ایک تعزیتی پیغام میں کہا، پنڈت شیو کمار شرما کی موت کی خبر حیران کن ہے۔ انہوں نے سنتور اور ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کو عالمی سطح پر لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پنڈت شرما ایک عظیم فنکار، استاد، محقق، مفکر اور سب سے بڑھ کر ایک مہربان انسان تھے۔
انہوں نے مزید کہا، پنڈت شیو کمار شرما نے بہت سے شاگردوں کی رہنمائی کی اور اپنی بیش بہا خدمات سے موسیقی کی دنیا کو مالا مال کیا۔ میں پنڈت شیو کمار شرما کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور پنڈت راہل شرما اور سوگوار کنبہ کے دیگر افراد کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
ان کی آخری رسومات بدھ کی سہ پہر تقریباً 3 بجے پون ہنس کے قبرستان میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی۔ لوگوں کو صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جوہو میں ان کے بیٹے راہل کے گھر پر آخری ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)