جموں و کشمیر میں پلواما دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے جوان اجئے کمار کی آخری رسومات کی ادائیگی میں مرکزی ریاستی وزیر ستیہ پال سنگھ، اتر پردیش حکومت میں وزیر سدھارتھ ناتھ سنگھ اور میرٹھ سے بی جے پی ایم ایل اے راجیندر اگروال شامل ہوئے تھے۔
مرکزی وزیر ستیہ پال سنگھ (فوٹو بہ شکریہ : فیس بک)
نئی دہلی: جموں و کشمیر میں پلوامہ حملے میں مارے گئے جوان اجئے کمار کی آخری رسومات بدھ کو میرٹھ میں ادا کی گئی۔ ان کی آخری رسومات میں رشتہ داروں کے ساتھ بی جے پی رہنما اور وزیر بھی شامل ہوئے تھے۔ ان میں ایک اتر پردیش کے وزیر چپل پہنکر آئے تھے۔ اس کو لےکر متاثرین رشتہ داروں نے غصہ کیا۔ بعد میں وہاں موجود دیگر لوگوں کے ساتھ ان کو بھی جوتا کھولنا پڑا۔
این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق؛ اجئے کمار کی آخری رسومات کی ادائیگی میرٹھ کے آئی آئی ٹی کالج کے کھیل میدان میں ہو رہی تھی۔ بھیڑ کو دیکھتے ہوئے پولیس نے میت کے آس پاس بیرکیڈنگ لگا دی تھی۔ آخری رسومات میں مرکزی ریاستی وزیر ستیہ پال سنگھ، اتر پردیش حکومت میں وزیر سدھارتھ ناتھ سنگھ اور میرٹھ سے بی جے پی ایم ایل اے راجیندر اگروال شامل ہوئے تھے۔ وہ بیرکیڈنگ کے اندر جاکر بیٹھ گئے تھے۔
اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیا جا رہا ہے۔ جس میں جوتا پہنے ہوئے رشتہ دار ،بی جے پی رہنما پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس دوران کچھ رہنما ہنستے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔ لوگ اس کو شہید کی توہین بتا رہے تھے۔
نوبھارت ٹائمس کے مطابق ؛اجئے کمار کی آخری رسومات کے دوران بی جے پی رہنماؤں کو جوتے پہنکر میت کے پاس بیٹھنے پر مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ مشتعل لوگوں نے وہاں موجود مرکزی ریاستی وزیر ستیہ پال سنگھ کے ساتھ دیگر رہنماؤں کی بھی مخالفت کی۔
لوگوں نے کہا کہ بی جے پی کے رہنما ،جوان کی توہین کر رہے ہیں۔ بعد میں اتر پردیش کے وزیر سدھارتھ ناتھ سنگھ کے ساتھ کئی رہنماؤں نے جوتے اتارے۔ یہ پورا معاملہ وہاں موجود میڈیا کے کیمرے میں قید ہو گیا۔
آج تک کی خبر کے مطابق؛ سوشل میڈیا پر وائرل کچھ تصویروں میں مرکزی وزیر مملکت ستیہ پال سنگھ اجئے کمار کی آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران ہنستے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ان کے ساتھ مقامی رہنما بھی موجود تھے۔
آخری رسم میں بی جے پی رہنماؤں کا یوں ہنسنا وہاں بیٹھے رشتہ داروں اور لوگوں کو پسند نہیں آیا۔ جس کے بعد رشتہ داروں نے اس پر اعتراض بھی کیا۔ معاملے کو بڑھتا دیکھ کر مرکزی وزیر ستیہ پال سنگھ نے ہاتھ جوڑکر لوگوں سے معافی مانگی۔اتناہی نہیں وزیر سمیت کئی رہنما اس دوران وہاں پر جوتے پہنکر بیٹھے تھے۔ لوگوں کا غصہ دیکھ کر انہوں نے فوراً جوتے اتارے اور دوبارہ وہاں بیٹھے۔
میرٹھ کے علاوہ ایسا ہی واقعہ اڑیسہ میں بھی ہوا۔ پلواما حملے میں مارے گئے جوان منوج بیہیرا کی آخری رسم کے دوران بی جے ڈی کے مقامی ایم ایل اے دیباشیش سانمتریہ ان کے رشتہ داروں کے ساتھ بد سلوکی کرتے نظر آئے۔ ایم ایل اے نے اس دوران جوان کے چچا کو دھکا دیا اور ان کو جبراً میت کے پاس بیٹھنے کو کہا۔
غور طلب ہے کہ 14 فروری کو پلواما ضلع کے اونتی پورہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا تھا، جس میں سی آر پی ایف کے 40 سے زیادہ جوانوں کی موت ہو گئی تھی جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے بعد سوموار کو تلاشی مہم کے دوران ہوئے انکاؤنٹر میں 4 جوان شہید ہو گئے تھے اور ایک عام شہری کی بھی موت ہو گئی تھی۔