بی جے پی رہنما پیما کھانڈو کے علاوہ 11 ایم ایل اے کو گورنر نے دلایا حلف۔ حلف برداری کی تقریب میں آسام، ناگالینڈ، منی پور، تریپورہ اور میگھالیہ کے وزیراعلیٰ بھی شامل ہوئے۔
اروناچل پردیش کی راجدھانی ایٹانگر میں بدھ کو پیما کھانڈو نے وزیراعلیٰ کےعہدے کا حلف لیا۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)
نئی دہلی : بی جے پی کے سینئر رہنما پیما کھانڈو نے بدھ کو اروناچل پردیش کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیا ۔ گورنربی ڈی مشرا نے راجدھانی ایٹانگر دورجی کھانڈو کنوینشن سینٹر میں پیما کھانڈو کو عہدے کا حلف دلایا ۔ان کے علاوہ چونا میئن سمیت کابینہ کے 11 وزرا نے بھی حلف لیا ۔حلف برداری کی تقریب میں آسام، ناگالینڈ، منی پور، تریپورہ اور میگھالیہ کے وزیراعلیٰ بھی شامل ہوئے۔کھانڈو کی قیادت میں بی جے پی نے 60 رکنی اسمبلی میں 41 سیٹوں پر جیت درج کی ہے۔ اروناچل پردیش میں لوک سبھا انتخاب کے ساتھ ہی اسمبلی کا انتخاب 11 اپریل کو ہواتھا۔
گزشتہ 25 مئی کو آخری نتیجہ کے اعلان کے مطابق پارٹی نے تین سیٹوں پر بلا مقابلہ اور 38 سیٹوں پر رائے دہندگی کے بعد جیت حاصل کی ہے۔ گزشتہ 25 مئی کو آخری انتخابی نتیجہ کے اعلان کے مطابق بی جے پی نے تین سیٹوں پر بلا مقابلہ اور 38 سیٹوں پر رائے دہندگی کے بعد جیت حاصل کی تھی۔مرکز میں این ڈی میں شامل جد (یو)کو سات، نیشنل پیپلس پارٹی (این پی پی) کو پانچ، کانگریس کو چار، پیپلس پارٹی آف اروناچل کو ایک اور آزاد امیدوارں کو دو سیٹ ملی تھی۔اسمبلی انتخاب جیتنے والے اہم بی جے پی رہنماؤں میں مکتو سیٹ سے وزیراعلی پیما کھانڈو، چووکھام سیٹ سے نائب وزیر اعلیٰ چوونا مین اور میاؤ سیٹ سے وزیر کاملنگ موسانگ شامل تھے۔
اس سے پہلے پیما کھانڈو 17 جولائی 2016 سے 16 ستمبر 2016 تک کانگریس کے تعاون سے وزیراعلیٰ رہے۔ اس کے بعد 16 ستمبر 2016 سے 31 دسمبر 2016 تک پیپلس پارٹی آف اروناچل کے تعاون سے وزیراعلیٰ رہے اور پھر 31 دسمبر سے 2019 کے اسمبلی انتخابات ہونے تک بی جے پی کے تعاون سے وزیراعلیٰ رہے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)