ایکٹر پون کلیان نے کہا کہ مرکز میں حکمراں پارٹی اس طرح برتاؤ کر رہی ہے جیسے کہ صرف وہی محب وطن ہیں ۔ہم ان سے 10 گنا زیادہ محب وطن ہیں ۔ مسلمانوں کو اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔
پون کلیان، فوٹو ٹوئٹر @PawanKalyan
نئی دہلی: ایکٹر سے لیڈر بنے پون کلیان نے جمعرات کو دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی نے ان کو 2 سال پہلے بتایا تھا کہ لوک سبھا انتخاب سے پہلے جنگ ہوگی ۔ غور طلب ہے کہ جن سینا چیف نے کڈپا ضلع میں ایک انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا ہے ۔
آئی اے این ایس کی ایک خبر کے مطابق، قبل میں بی جے پی کے معاون رہے پون کلیان نے کہا کہ ، مجھے 2 سال پہلے ہی بتایا گیا تھا کہ جنگ ہونے والی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ، آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ہمارے ملک کی کیاحالت ہے۔
ہند وپاک کی جنگ پر انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی آر پی ایف کے جوانوں پر دہشت گردانہ حملے کی وجہ سے یہ حالات پیدا ہوئے ہیں ۔پون نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے اور اس سے دونوں ممالک کو بھاری نقصان ہوسکتا ہے۔ایکٹر پون کلیان نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکز میں حکمراں پارٹی اس طرح برتاؤ کر رہی ہے جیسے کہ صرف وہی محب وطن ہیں ۔ انہوں نے کہا ، حب الوطنی پر اکیلے بی جے پی کا حق نہیں ہے ۔ ہم ان سے 10 گنا زیادہ محب وطن ہیں ۔
ساؤتھ کی فلموں کے سپر اسٹار چیرن جیوی کے چھوٹے بھائی پون کلیان نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر جن سینا کیڈر سے کہا کہ وہ سماج میں فرقہ واریت پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکامیاب کریں۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ، ہندوستان میں مسلمانوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں ۔ میں نہیں جانتا کہ پاکستان میں ہندوؤں کی کیا حالت ہے لیکن ہندوستان مسلمانوں کو اپنے دل میں رکھتا ہے ۔ اس ملک نے اظہر الدین کو کرکٹ ٹیم کا کپتان اور عبدالکلام کو صدر جمہوریہ بنایا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 14 فروری کو پلواما ضلع کے اونتی پورہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا تھا، جس میں سی آر پی ایف کے 40 سے زیادہ جوانوں کی موت ہو گئی تھی جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے تھے۔واضح ہو کہ سری نگر سے تقریباً 30 کیلو میٹر دور سری نگر جموں قومی شاہراہ پر پلواما ضلع کے اونتی پور علاقے میں لاٹو موڈ پر اس قافلے پر گھات لگاکر یہ خود کش حملہ کیا گیا۔ حملے میں تقریباً 40 جوان شہید ہوگئے تھے ۔ حملے کے فوراً بعد دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے اس کی ذمہ داری لی تھی ۔پولیس نے اس خودکش حملے کو انجام دینے والے مبینہ دہشت گرد کی پہچان پلواما کے کاکاپورا کے رہنے والے عادل محمد ڈار کے طور پر کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ احمد 2018 میں جیش محمد میں شامل ہوا تھا۔