آئی این ایکس میڈیا معاملے میں دہلی ہائی کورٹ سے پیشگی ضمانت عرضی خارج ہونے کے بعد سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو سی بی آئی نے بدھ کو دیر رات ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا۔
نئی دہلی: سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کو 26 اگست تک کے لیے سی بی آئی کی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے ۔ اس سے پہلے ان کو سی بی آئی کی اسپیشل کورٹ میں پیش کیا گیا۔ یہاں دونوں فریقین کی بحث سننے کے بعد عدالت نے کہا کہ حقائق پر غور کرنے کے بعد ریمانڈ دینا صحیح ہے۔عدالت نے پی چدمبرم کے اہل خانہ اور وکیل کو روزانہ ایک گھنٹے کی ملاقات کی اجازت دی ہے ۔
اس سے پہلے بحث کے دوران سی بی آئی نے کورٹ میں کہا کہ غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہونے کے بعد ہی ان کو گرفتار کیا گیا۔ دوسرے ملزمین کو آمنے سامنے بٹھاکر پوچھ تاچھ کرنی ہے اور چدمبرم جانچ میں تعاون نہیں کر رہے ہیں ۔
سی بی آئی کا کہنا ہے کہ چدمبرم نے بار بار کہنے کے باوجود پورے دستاویز نہیں دیے۔سی بی آئی نے عدالت کو ہائی کورٹ کا حکم سونپا ۔ سی بی آئی نے کورٹ کو بتایا کہ ہائی کورٹ نے ان کی پیشگی ضمانت کی عرضی خارج کر دی ہے ۔ اس معاملے میں چارج شیٹ ابھی فائل نہیں ہوئی ہے۔ ملزم سوالوں سے بچتے رہے ہیں۔ ان کی کسٹوڈیل انٹروگیشن کی ضرورت ہے ۔وہیں پی چدمبرم کی طرف سے پیش ہوئے وکیل کپل سبل نے کورٹ میں کہا کہ اس معاملے میں ملزم کیرتی ہیں جن کو 23 مارچ 2018 کو ضمانت مل چکی ہے ۔ دوسرے ملزم بھاسکر رمن کو اسی عدالت سے پیشگی ضمانت مل چکی ہے۔
سی بی آئی کی عدالت میں بحث کے دوران چدمبرم نے کہا کہ ، سی بی آئی نے مجھ سے پوچھا کہ بیرون ملک کوئی اکاؤنٹ ہے؟ میں نے بتایا کہ میرے بیٹے کا اکاؤنٹ ہے میرا کوئی اکاؤنٹ ملک سے باہر نہیں ہے۔میں نے 6 جون 2018 کو سی بی آئی کے ہر سوال کا جواب دیا تھا ۔ میں نے کوئی پیسہ نہیں لیا۔واضح ہوکہ چدمبرم نے کورٹ میں دو بار بولنے کی کوشش کی لیکن سی بی آئی نے اس کی مخالفت کی ۔ سی بی آئی نے کہا کہ یہ غلط روایت ہے ان کی طرف سے دو وکیل دلائل پیش کر رہے ہیں ، جس کی ہم نے کوئی مخالفت نہیں کی ۔
غور طلب ہے کہ سی بی آئی نے سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو آئی این ایکس میڈیا سے متعلق معاملے میں
بدھ کی رات کو گرفتار کیا تھا۔سی بی آئی کے افسروں کی ٹیم دہلی پولیس کے افسروں کے ساتھ جور باغ واقع چدمبرم کی رہائش گاہ پر پہنچی تھی۔ کچھ دیر دروازہ کھٹکھٹانے کے بعد افسروں نے احاطے کی دیوار پھاند کر گھر میں داخل ہوئے تھے۔