وزیر ریل پیو ش گوئل نے بدھ کو کہا تھا کہ ریلوے آئندہ دو سالوں میں ریٹائر منٹ کی وجہ سے خالی ہوئے عہدوں اور دوسرے عہدوں کو ملا کر 4 لاکھ لوگوں کو نوکری دینے جارہی ہے۔
پیوش گوئل (فوٹو : پی ٹی آئی)
نئی دہلی: مرکز کی مودی حکومت نے ریلوے میں آئندہ دو سالوں میں 4 لاکھ لوگوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے ۔مرکزی حکومت کے اس اعلان کو اپوزیشن پارٹی اور کانگریس نے مودی حکومت کا ایک اور جملہ قرار دیا ہے۔ سینئر کانگریسی رہنماپی چدمبرم نے کہا کہ تقریباً 5 سال تک خاموش بیٹھی حکومت اچانک خالی عہدوں کو بھرنے کے لیے کیوں جاگ گئی ہے ۔ سابق وزیر خزانہ نے ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ ،ریلوے میں تقریباً 5 سال سے 282976 عہدے خالی ہیں اور حکومت اچانک سے بیدار ہوتی ہے اور کہتی ہے ہم اس کو تین مہینے میں بھریں گے ۔ یہ ایک اور جملہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ کئی سرکاری محکموں کی یہی کہانی ہے ۔ ایک طرف عہدے خالی ہیں اور دوسری طرف نوجوان بے روزگار ہیں ۔اس سے پہلے وزیر ریل پیو ش گوئل نے بدھ کو کہا تھا کہ ریلوے آئندہ دو سالوں میں ریٹائر منٹ کی وجہ سے خالی ہوئے عہدوں اور دوسرے عہدوں کو ملا کر 4 لاکھ لوگوں کو نوکری دینے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کی بحالی اسی سال مارچ اپریل میں کی جائے گی دوسرے مرحلے کی بحالی آئندہ سال مئی جون میں ۔
غور طلب ہے کہ وزیر ریل نے کہا تھا کہ یہ پوری کارروائی دو مہینے میں پوری کی جائے گی ۔ انہوں نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ریلوے میں فی الحال 1.32 لوگوں کی ضرورت ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، پیوش گوئل نے کہا کہ 1.5 لاکھ لوگوں کو ریلوے جلد ہی بحال کرے گا۔آئندہ دو مہینے میں ریلوے کے مختلف زون میں ان کی تقرری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 سالوں میں تقریباً 1 لاکھ لوگ ریلوے سے ریٹائر ہوجائیں گے ۔ وہیں 2.50 لاکھ لوگوں کی مختلف عہدوں پر بحالی کے لیے جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔ اس طرح تقریباً 4 لاکھ لوگوں کو ریلوے میں نوکری دی جائے گی ۔
لائیو ہندوستان کی ایک خبر کے مطابق، وزیر ریل نے نوکری ڈاٹ کام ویب سائٹ کے حوالے سے کہا کہ 2019 میں 6 مہینے میں مختلف شعبوں میں 84 فیصدی روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے امکان ہیں ۔
خبر کے مطابق، ریلوے مستقبل میں ہونے والی بحالیوں میں اشرافیہ کے مالی طور پر پسماندہ طبقے کو 10 فیصدی ریزرویشن بھی دے گا۔ یہ ریزرویشن ایس سی ، ایس ٹی ،اوبی سی ریزرویشن سے الگ ہے ۔ بحالی کی کارروائی دو مرحلے میں 2021 تک پوری کی جائے گی ۔
(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)
The post
مودی حکومت نے ریلوے میں 4 لاکھ لوگوں کو نوکری دینے کا کیا وعدہ ،پی چدمبرم نے بتایا ایک اور ’جملہ‘ appeared first on
The Wire - Urdu.