ٹرین حادثہ جمعہ کی شام 6 بجکر 55 منٹ پر اڑیسہ کے بالاسور ضلع کے بہناگا بازار ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ دو ایکسپریس اورایک مال گاڑی کی ٹکر میں ہوئے حادثے کی اعلیٰ سطحی کمیٹی تحقیقات کرے گی۔ وزیر اعلی نوین پٹنایک نے ایک دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔
یہ حادثہ اڑیسہ کے بالاسور ضلع میں بہناگا ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ (فوٹو بہ شکریہ: اے این آئی)
نئی دہلی: اڑیسہ کے بالاسور میں جمعہ کی شام تین ٹرینوں کے خوفناک تصادم میں کم از کم 238 لوگوں کی موت ہوگئی اور تقریباً 900 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
حکام نے ہفتے کے روز کہا کہ یہ 20 سال سے زیادہ کےعرصے میں ملک کا سب سے مہلک ٹرین حادثہ ہے۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ ٹرین حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق، حادثے میں وشویشوریا (بنگلورو) – ہاوڑہ سپر فاسٹ ایکسپریس (ٹرین نمبر 12864)، شالیمار-چنئی سینٹرل کورومنڈیل ایکسپریس (ٹرین نمبر 12841) اور ایک مال ٹرین شامل تھی۔ یہ حادثہ جمعہ کی شام 6:55 بجے ضلع کے بہناگا بازار ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق، کورومنڈیل ایکسپریس کے جنرل کلاس کے دو، سیکنڈ کلاس سلیپر (ایس1 سے ایس5) کے پانچ اور ایئر کنڈیشنڈ کلاس (بی4، بی5) کے دو ڈبے سمیت کل 23 ڈبوں میں سے تقریباً 10 تصادم میں شدید طور پر تباہ ہو گئے ہیں،جس میں زیادہ لوگوں کی جانیں گئی ہیں۔ ساؤتھ ایسٹرن ریلوے کے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بنگلورو-ہاوڑہ ایکسپریس کے دو جنرل ڈبے بھی پلٹ گئے۔
لاشوں کو بہناگا کے ایک اسکول میں لایا جا رہا ہے، کیونکہ ضلع انتظامیہ بالاسور انڈسٹریل پارک میں ایک عارضی مردہ خانہ تیار کرنے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
اگرچہ مہلوکین کی شناخت ابھی تک نہیں ہوپائی ہے، سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر وہ ہیں جو روزی روٹی کی تلاش میں چنئی اور دیگر قریبی شہروں کی طرف جا رہے تھے۔ ہاوڑہ جانے والی ٹرین میں مرنے والے مزدور بتائے جارہے ہیں جو گھر واپس جا رہے تھے۔
اس دوران زخمیوں کے لیے خون کا عطیہ دینے کے لیے بالاسور اسپتال کے بلڈ بینک کے باہر سینکڑوں رضاکاروں کو قطار میں کھڑے دیکھا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بالاسور میں رات بھر 500 یونٹ سے زیادہ خون جمع کیا گیا تھا۔ چیف سکریٹری پی کے جینا نے کہا کہ فی الحال تقریباً 900 یونٹ خون اسٹاک میں ہے۔
حادثے کے بعد راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے اور آس پاس کے اضلاع کے تمام اسپتالوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ اڑیسہ کے چیف سکریٹری پردیپ نے
این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ این ڈی آر ایف کے تین یونٹ، اڑیسہ ڈیزاسٹر ریپڈ ایکشن فورس کے چار یونٹ، 15 سے زیادہ فائر ٹیمیں، 30 ڈاکٹر، 200 پولیس اہلکار اور 60 ایمبولینس موقع پر بھیجی گئی ہیں۔
این ڈی آر ایف کے آئی جی آپریشن نریندر سنگھ بندیلا نے کہا کہ راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اڑیسہ حکومت نے اب تک 238 افراد کی موت اور 900 سے زیادہ کے زخمی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ این ڈی آر ایف کی نو ٹیمیں موجود ہیں۔ ان میں سے سات اڑیسہ اور دو مغربی بنگال سے ہیں۔ تقریباً تمام زخمی افراد کو ہسپتال بھیج دیا گیا ہے، اس لیے نو ٹیمیں کافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حادثے میں17 بوگیاں پٹری سے اترنے کے بعد شدیدطور پرتباہ ہوگئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک نے ہولناک ٹرین حادثے کے پیش نظر ایک دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا، ‘یہ بہت افسوسناک ٹرین حادثہ ہے۔ مجھے مقامی ٹیموں، لوگوں اور دیگر لوگوں کا شکریہ ادا کرنا ہوگا جنہوں نے ملبے سے لوگوں کو بچانے کے لیے رات بھر کام کیا۔ ریلوے کی حفاظت کو ہمیشہ اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ زخمیوں کو بالاسور اور کٹک کے اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے، تاکہ وہ جلد از جلدصحت یاب ہوسکیں۔
ساؤتھ ایسٹرن ریلوے کے کھڑگ پور ڈویژن میں ہاوڑہ-چنئی مین لائن پر حادثے کی وجہ سے اب تک 18 لمبی دوری کی ٹرینیں ردکی گئی ہیں۔
وہیں اے این آئی سے بات کرتے ہوئے انفارمیشن پبلی کیشن ریلوے بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر امیتابھ شرما نے کہا، ‘اب تک 100 سے زیادہ لوگوں نے ایکس گریشیا کا دعویٰ کیا ہے۔ اس کے لیے تین مقامات بالاسور، سورو اور بہناگا بازار پر کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں۔ اب تک 48 ٹرینیں ردکی گئی ہیں، 39 کا روٹ بدلا گیا ہے اور 10 کو شارٹ ٹرمینیٹ کر دیا گیا ہے۔
ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے آج (ہفتہ) صبح جائے حادثہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا، ‘ہماری پہلی ترجیح بچاؤ کا کام اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنا ہے۔ ہم تفصیلی تفتیش کے بعد ہی کیس کی مکمل تفصیلات بتا سکیں گے۔ ایک آزادانہ انکوائری کی جائے گی۔
ویشنو نے حادثے میں مرنے والوں کے لیے 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کے لیے 2 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کے معاوضے کا بھی اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی حادثے پر غم کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے 50000 روپے کے معاوضے کا اعلان کیا۔
اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ
وزیر اعظم نریندر مودی آج اڑیسہ کا دورہ کریں گے۔ پہلے وہ بالاسور میں جائے حادثہ کا دورہ کریں گے اور پھر کٹک کے اسپتال کا دورہ کریں گے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ
ممتا بنرجی نے ٹوئٹ کیا کہ وہ چیف سکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ ذاتی طور پر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اڑیسہ کے بالاسور کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔ وہ وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیں گی اور زخمیوں سے ملاقات کریں گی۔