بہار میں سیلاب کے خطرے کے مدنظر این ڈی آرایف کی21 ٹیموں کو ریاست کے مختلف حساس اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے۔ اسی بیچ مظفر پور میں سیلاب کے پانی میں ڈوبنے سے دو بچیوں کی جان چلی گئی۔
نئی دہلی: بہار کے 10اضلاع کی تقریباً چھ لاکھ 36 ہزار آبادی سیلاب سے متاثر ہے اور 18612 لوگوں کو محفوظ ٹھکانوں تک پہنچایا گیا ہے۔محکمہ آفات سے موصولہ اطلاع کے مطابق ریاست کے 10 اضلاع سیتامڑھی، شیوہر، سپول، کشن گنج، دربھنگہ، مظفر پور، گوپال گنج، مشرقی چمپارن،مغربی چمپارن اور کھگڑیا ضلعے کے 55بلاک کے 282 پنچایت کی تقریباً چھ لاکھ 36 ہزار آبادی سیلاب سے متاثر ہے۔
وہاں سے محفوظ نکالے گئے 18612 لوگ دس راحت کیمپ میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔آبی محکمہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق باگمتی ندی سیتامڑھی، مظفر پور اور دربھنگہ میں، بوڑھی گنڈک مظفر پور اور سمستی پور میں، کملا بلان مدھوبنی میں، لال بکیا مشرقی چمپارن میں، ادھوارا سیتامڑھی میں، کھروئی دربھنگہ میں اور مہانندا کشن گنج اور پورنیہ ضلع میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔
آبی وسائل کے وزیرسنجے جھا نے کہا کہ جولائی مہینے میں شدید بارش کے باوجود سبھی باندھ محفوظ ہیں اور تکنیک کے استعمال اور محکمہ کی اضافی چوکسی کی وجہ سے باندھ پر پیداہوئے خطروں کو وقت رہتے ٹالا جا سکا ہے۔بہار میں سیلاب کے خطرے کے مد نظر این ڈی آرایف کی21 ٹیموں کو ریاست کے مختلف حساس اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے۔
این ڈی آرایف کی 9ویں بٹالین کے کمانڈنٹ وجئے سنہا نے بتایا کہ بہار اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی مانگ پر این ڈی آرایف کی 21 ٹیموں کو ریاست کے 12اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے۔
پربھات خبر کے مطابق، دربھنگہ کے سیلاب زدہ لوگوں کی مدد کے لیے 98 کمیونٹی رسوئی چلائی جا رہی ہے۔ سیلاب متاثرین کے بیچ 2217 پلاسٹک شیٹ تقسیم کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ 160 ناؤ کاانتظام کیا گیا ہے۔جانوروں کے لیے بھی چارے کا کافی انتظام کیا گیا ہے۔ لوگوں کوپینے کے لیے صاف پانی فراہم کرایا جا رہا ہے۔
سیلاب کے پانی میں ڈوب کر دو بچیوں کی موت
مظفر پور ضلع کے بینی باد پولیس چوکی کے کیوٹسا گاؤں میں سیلاب سے بھرے پانی میں ڈوب کر بدھ کو دو بچیوں کی موت ہو گئی۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس(مشرقی) کندن کمار نے بتایا کہ دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سری کرشنا میڈیکل کالج اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔
دونوں بچیاں اپنے گاؤں کے اسکول کے پاس کھیل رہی تھیں، اسی دوران پیر پھسلنے سے سیلاب کے پانی میں گر گئیں۔بچیوں کی پہچان کیوٹسا گاؤں کے پون رائے کی بیٹی جمنا کماری اور ببلو رائے کی بیٹی کرشمہ کماری کے طورپر ہوئی ہے۔ دونوں کی عمر تقریباً نو سال ہے۔
تیجسوی یادو نے کیا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ
تیجسوی یادو نے دربھنگہ اور مدھوبنی اضلاع کے سیلاب متاثر علاقوں کا بدھ کو دورہ کیا۔تیجسوی نے صحافیوں سے کہا کہ ‘یہ سرکار کی ذمہ داری ہے کہ سیلاب متاثرین کے رہنے اورکھانے کا انتظام کرے اورسیلاب کی وجہ سے ہوئے ان کے نقصان کو دیکھتے ہوئے ان کی مالی مدد کرنی چاہیے تھی۔’
تیجسوی نے ٹوئٹ کرکے کہا، بہار کے وزیراعلیٰ اس شدید آفات کےدورمیں بھی چار مہینے سے غائب ہیں۔ اس بےرحم سرکار نے طلبا، مزدوروں، مریضوں، غریبوں اور عام آدمی کو مصیبت کے بیچ مرنے کے لیے چھوڑ دیا۔ نتیش جی کو کورونا، سیلاب، بےروزگاری، نقل مکانی، غریبی اور سیلاب سے بےحال اور مرنے والوں کی کوئی فکر نہیں۔
وہیں، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی نے تیجسوی پر حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا، ‘جن کے والدین کے راج میں90 کروڑ روپے کا سیلاب راحت گھوٹالا ہوا، وہ کچھ سیلاب متاثرین کو ایک وقت کا کھانا کھلاتے ہوئے فوٹو کھنچوا کر آرجےڈی راج کے گناہ کودھونے کی کوشش کر رہے ہیں۔’
سشیل نے ٹوئٹ کرکے تیجسوی پر حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ‘انہیں کیگ کی رپورٹ پڑھنی چاہیے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بہار کو مرکزی حکومت سے ملی سیلاب راحت کی 90 کروڑ کی رقم کا فرضی واڑا کیسے ہوا تھا۔’
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)