اتر پردیش: مئو ضلع میں موبائل دیکھنے کے جھگڑے میں نوجوان کا پیٹ پیٹ‌ کر قتل

03:40 PM Oct 29, 2019 | دی وائر اسٹاف

اتر پردیش کے ایٹا ضلع میں بھی ایک نو جوان کا مبینہ طور پر نشے میں دھت اس کے دوستوں نے سریا سے پیٹ پیٹ‌کر قتل کر دیا۔

نئی دہلی: اتر پردیش کے مئو ضلع کے سرائے لکھنسی علاقے میں مبینہ طور پر موبائل فون دیکھنے کے جھگڑے میں ایک نو جوان کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع نے گزشتہ اتوار کو بتایا کہ سرائے لکھنسی تھانہ حلقہ کے ادری بڑی کمریا میں شاہد (20) نامی نو جوان کو سنیچر کی رات کچھ لوگوں نے پیٹ پیٹ کر شدیدطور پر زخمی کر دیا۔ اس کو ہاسپٹل لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا۔

شاہد کے والد نسیم احمد نے بتایا کہ محلے کے ہی دو بچوں نے اس کو بتایا تھا کہ موبائل فون پر کچھ دیکھنے کو لےکر ہوئے جھگڑے میں کچھ لوگوں نے شاہد کو بری طرح مارا-پیٹا ہے۔ شاہد ممبئی میں موٹر بائنڈنگ کا کام کرتا تھا اور دیوالی پر چھٹی میں گھر آیا تھا۔ امر اجالا کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ سنیچر کو شاہد چار دوستوں کے ساتھ محلے میں موبائل فون پر کچھ دیکھ رہے تھے۔ اس بیچ کچھ اورنو  جوان آئے اور موبائل دکھانے کی ضد کرنے لگے۔

شاہد کے منع کرنے پر ان نو جوانوں سے جھگڑا ہو گیا۔ معاملے کو کچھ لوگوں نے سمجھا بجھاکر خاموش کر دیا۔ آٹھ بجے محلے میں ہی کچھ نوجوانوں نے  شاہد کو راڈ سے پیٹا اور چاقو مار‌کر زخمی کر دیا۔ ضلع ہاسپٹل میں سنیچر کی رات تقریباً 12 بجے اس کی موت ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق، شاہد کے والد نسیم کی تحریر پر پولیس نے محلے کے ہی امتیاز، ساجد، نذیر، صغیر خان، امرالدین، انوار، مشتاق، عباس اور عثمان پر مقدمہ درج کر لیا۔ سی او راج کمار نے بتایا کہ تمام ملزمین کو پکڑ لیا گیا ہے۔

ایٹا میں نو جوان کا سریا سے پیٹ-پیٹ‌کر قتل

اتر پردیش کے ایٹا ضلع کے ملاون علاقے میں معمولی جھگڑے کو لےکر ایک نوجوان کا شراب کے نشے میں دھت اس کے دوستوں نے سریا سے پیٹ-پیٹ‌کر مبینہ طور پر قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع نے سوموار کو بتایا کہ ملاون قصبہ کے رہنے والے ششی کپور (23) نامی نوجوان اپنے کچھ دوستوں کے ساتھ دیوالی پر شراب پی‌کر جشن منا رہا تھا۔ اسی دوران اس کا اپنے دوست جتیندر کے ساتھ کسی بات کو لےکر جھگڑا ہو گیا۔ اس وقت وہاں موجود دیگر لوگوں نے معاملہ رفع دفع  کرا دیا۔

انہوں نے کہا کہ رات میں جتیندر نے ششی کو اس کے گھر سے بلوا لیا۔ اس کے ساتھ ششی کے بڑے بھائی کا سالا گجیندر اور راج کمار بھی گئے تھے۔ راستے میں جتیندر نے گاؤں کے پاس ہی  بجلی گھر کو جانے والے راستے کی پلیا پر اپنے سات دیگر دوستوں کے ساتھ مل‌کر سریا سے اتنی بری طرح مارا-پیٹا کہ ششی کی موت ہو گئی اور گجیندر اور راج کمار شدیدطور پر زخمی ہو گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو ضلع ہاسپٹل  لے جایا گیا، جہاں سے ان کو آگرہ ریفر کر دیا گیا۔ اس معاملے میں جتیندر اور اس کے دوستوں اجئے، وجے، للت، رمن، انوپ، وکرم، ابھیشیک اور دھیر سنگھ کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ ان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ لاش کاپوسٹمارٹم کرایا گیا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)