پی ایم مودی کا کہنا ہے کہ منی پور ویڈیو نے قوم کو شرمسارکر دیا ہے۔ مگر گجرات میں ان کی حکومت کے دوران جو کھیل کھیلا گیا وہ شاید چنگیز و ہلاکو کو بھی شرمسار کرنے کے لیے کافی ہے۔شبنم ہاشمی کا کہنا ہے کہ آج کے ہندوستان میں بربریت کا ہر ایک واقعہ گجرات ماڈل کا حصہ ہے۔ لنچنگ، زمینوں پر قبضہ، جمہوریت، تعلیمی اور سائنسی اداروں کو ختم کرنا، میڈیا پر کنٹرول، خواتین پر بڑھتے ہوئے جنسی حملے، آزادی اظہار اور آزادی صحافت پر حملے – ان سب کا تجربہ گجرات میں کیا گیا ہے۔
(بائیں سے) کُکی خواتین کی برہنہ پریڈ۔ میتیئی خواتین کی تنظیم ‘میرا پیبی’ کا احتجاجی مظاہرہ اور بلقیس بانو۔ تصویر: پی ٹی آئی اور ٹوئٹر
پچھلے دنوں ہندوستان کی شمال–مشرقی ریاست منی پور میں ایک ہجوم کے ذریعے عیسائی کُکی قبیلہ کی خواتین کی برہنہ پریڈ اور آبروریزی کی جو ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے اس نے دہلا کر رکھ دیا ہے۔خود وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی کہنا پڑا کہ اس واقعہ نے پورے ہندوستان کو شرمسار کر کے رکھ دیا ہے۔
یہ واقعہ مئی میں پیش آیا تھا، جب اس خطے میں اکثریتی ہندو میتیئی قبیلہ اور کُکی عیسائی قبیلہ کے درمیان نسلی فسادات پھوٹ پڑے۔ چونکہ علاقے میں انٹرنیٹ پر پابندی لگی ہوئی تھی، اس لیے یہ واقعات دنیا کی نظروں سے اوجھل رہے ۔
حیرت تو اس بات پر ہے کہ جون میں پولیس نے ایف آئی آر تو درج کی تھی، مگر کارروائی چند روز قبل اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد ہی کی۔پہلے تو حکومت ملزمان کو ڈھونڈنے کے بجائے ویڈیو وائرل کرنے والے کو ڈھونڈ کر اس کے خلاف کارروائی کرنے کی سعی کر رہی تھی۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ہجوم مسلسل ان بے سہارا خواتین کے ساتھ بدتمیزی کر رہا ہے، جو رو رہی ہیں اور ان سے چھوڑنے کی منتیں کر رہی ہیں۔ ایک خاتون کا 19 سالہ بھائی، جب بچانے کے لیے آگے آیا، تو اس کو بھیڑ نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور بھیڑ کے پاس کئی خودکار رائفلیں بھی تھیں۔ انہوں نے بیشتر گھروں میں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی۔بھاگتے ہوئے لوگوں کو پولیس کی ایک ٹیم نے بچاکروین میں سوار کرایا، جن میں یہ خواتین بھی شامل تھیں۔ مگر جب میتیئی حملہ آوروں نے پولیس کی گاڑی کا گھیراو کیا، تو پولیس نے ان کو گاڑی سے نکال کر ہجوم کے حوالے کر دیا۔
اب تو اس طرح کے ویڈیوز کا ایک تانتا سا لگ گیا ہے۔ ممبئی کے ایک ہوٹل میں کام کرنے والا ایک ویٹر ڈیوڈ تھیک، جو اپنے گھر آیا ہوا تھاکی سربریدہ لاش ملی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق شرپسندوں نے اس کے گاؤں پر حملہ کیا تھا۔ تھیک کو پہلے گولی ماری گئی، پھر اس کے جسم کو کاٹ کر آنکھ نکالی گئی۔ پھر کٹے ہوئے سر کو بانس کے اوپر پرو کر نمائش کے لیے رکھا گیا۔
فیتاچنگ گاؤں کے ایک پادری نے بتایا کہ 7 مئی کو دو بچوں کی 45 سالہ ماں کو زندہ جلایا گیا۔ان کا دعویٰ تھا کہ جب ایک بڑے ہجوم نے گاؤں پر حملہ کیا، تو پولیس کے کمانڈوز ان کے ساتھ تھے۔ اسی طرح کانگ پوکپی ضلع کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کو بھی میتیئی ہجوم نے برہنہ کر کے عصمت دری کا نشانہ بنایا۔
شرپسندوں نے خواتین کو گھسیٹ کر تقریباً دو گھنٹے تک بند کمرے میں قید رکھا۔جب کمرہ کھولا گیا تو دونوں خون میں لت پت پڑی ہوئی تھیں۔ غالباً ان کی موت جنسی زیادتی کی وجہ سے ہوئی تھی۔اس کے بعد 15 مئی کو دارالحکومت امپھال کے ایک علاقے سے ایک 18 سالہ خاتون کو بھیڑ نے اغوا کر لیا تھا۔
میتیئی قبیلہ، جن کی اکثریت ہندو ہے، منی پور کی آبادی کا تقریباً 53 فیصد ہے اور زیادہ تر وادی امپھال میں رہتے ہیں۔جبکہ عیسائی ناگا اور کُکی قبیلے جن کی آبادی 40 فیصد ہیں زیادہ تر پہاڑی اضلاع میں رہتے ہیں۔
ہندوستان میں فسادات کے دوران اجتماعی آبروریزی کرنا اور خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانا عام بات ہے۔ آکسفورڈ یونیوسٹی کی ایک محقق
میگھا کمار نے فسادات اور جنسی تشدد کے موضوع پر اپنی
تحقیق میں بتایا ہے کہ 2002میں مغربی ریاست گجرات کے مسلم کش فسادات میں کم از کم 150-200 خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
مگر ان کا دردناک پہلو یہ ہے کہ بلقیس بانو کے کیس کے علاوہ ابھی تک شاید ہی کسی ملز م کو فسادات کے دوران اجتماعی عصمت دری کرنے کے کیس میں پچھلی سات دہائیوں میں کبھی سزا سنائی گئی ہو۔پانچ ماہ کی حاملہ بلقیس بانو کو بھی گجرات فسادات کے دوران ہی نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان کے خاندان کے سات افراد کو اس کے سامنے ہلاک کیا گیا اور پھر گیارہ افراد نے اس کی آبرو ریزی کی۔ 2008میں ممبئی کی ایک کورٹ نے اس سبھی افراد کو مجرم گردان کر عمر قید کی سزا سنائی، جس کو ہائی کورٹ نے بھی برقرار رکھا۔
مگر پچھلے سال حکومت نے خصوصی اختیارات کا استعمال کرکے ان کو رہا کرنے کے احکامات صادر کر دیے۔ عجیب و غریب تاویلیں دی گئیں۔ جیل میں ان کے حسن سلوک کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا کہ یہ
ملزمین افراد برہمن (سنسکاری) ہیں، اس لیے رعایت کے مستحق ہیں۔
منی پور کے ان شرمسار کرنے والے واقعات کا حوالہ دےکر سماجی کارکن شبنم ہاشمی کہتی ہیں کہ ان کواس وقت رہ رہ کر گجرات فسادات کی مصیبت زدہ خواتین کی یاد آتی ہے۔ موجودہ وزیر اعظم اس وقت اس ریاست کے وزیر اعلیٰ تھے۔
ہاشمی پچھلی کئی دہائیوں سے گجرات میں زمین پر کام کرتی ہیں۔مجھے یاد ہے کہ 2014 سے قبل سول سوسائٹی اور سیاست سے وابستہ افراد کو متنبہ کر رہی تھیں کہ گجرات کا زہر جلدی ہی پورے ملک کو نگل سکتا ہے۔ لوگ ان کو کہتے تھے ہندوستان کی سیکولر بنیادیں بہت مضبوط ہیں، وہ کبھی گجرات نہیں بنے گا۔اگر بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت میں آ بھی جائے تو کیا ہوگا۔ اس سے قبل 1998 سے 2004 تک بھی تو اٹل بہاری واجپائی کی قیادت میں یہ پارٹی حکومت میں تھی۔
مگر ہاشمی سمجھا تی تھیں کہ گجرات کی بی جے پی جب دہلی پہنچی جائےگی، تو کہیں پناہ بھی نہیں ملے گی۔ ان کی پیشن گوئی صحیح ثابت ہو رہی ہے۔ 2002 میں ریلیف کیمپوں کا دورہ کرتے ہوئے اور زندہ بچ جانے والوں سے بات کرتے ہوئے اور بعد میں گینگ ریپ سے بچ جانے والوں کی کہانیو ں کو انہوں نے دستاویزی شکل دی ہے۔ اس میں ایسی لرزہ خیز داستانیں ہیں کہ روح تڑپ اٹھتی ہے۔
ضلع پنچ محل کے کلول کیمپ میں پناہ گزین ایک بارہ سالہ لڑکی کے پوشیدہ اعضاء کو مسخ کردیا گیا تھا۔ فسادیوں نے اجتماعی عصمت دری کے بعد اس کی مسخ شدہ اندام نہانی میں زعفرانی جھنڈے کا ڈنڈہ ڈال دیا تھا۔ زعفرانی ہندو دھرم کا مقدس رنگ ہے۔ اس ڈنڈے کے دوسرے سرے پر تکونی سناتن دھرم کا جھنڈا لہرا رہا تھا۔ 28 فروری 2002 کو جب ان کے گاؤں لکھمیڑا پر حملہ ہوا تو گاؤں کے تین مسلم خاندان اپنے رشتہ داروں کے ہاں پانڈو گاوں کی طرف چل پڑے۔ راستے میں تقریباً 150 لوگوں کے ہجوم نے ان پر حملہ کردیا اور انہیں مارنا شروع کیا۔ کچھ لوگ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، 10 افراد کو ہجوم نے گھیر لیا۔ خواتین کو برہنہ کرکے دوڑ لگانے کے لیے کہا گیا۔
بے بس برہنہ عورتیں اوران کے ساتھ بچے بھاگ رہے تھے اور ایک ہجوم ڈھول بتاشوں کے ساتھ قہقہے لگاتا ہوا ان کا پیچھا کر رہا تھا۔ لاتعداد غنڈوں نے ہر لڑکی، عورت کی عصمت دری کی۔ جب وہ اپنا مقدس فریضہ ادا کر چکے اور عورتوں کی اندام نہانی میں اپنا جھنڈا لگا چکے تو ان میں سے چند نے پٹرول اور لکڑیاں لا کر عورتوں کو جلا کر مار ڈالا۔
جس بچی نے یہ کہانی شبنم کو سنائی، وہ کہہ رہ تھی کہ وہ ان مردوں کو پہچانتی ہے۔ وہ پاس کے دیہات جنترال سے آئے تھے۔مگر اس کے باوجود کوئی گرفتار نہیں ہوا۔ کلول تعلقہ میں ہونے والی 65 اموات میں سے 42 کو لاپتہ قرار دیا گیا جن میں یہ چھ عصمت دری متاثرین بھی شامل ہیں۔
شبنم ہاشمی نے 2002 میں گینگ ریپ سے بچ جانے والی 50 سے زیادہ خواتین کی شہادتیں ریکارڈ کیں، ہر عورت کے پاس سنانے کے لیے ایک جیسی کہانی تھی -سرعام برہنہ کرنا، پریڈ کروانا، بھگانااور پھر گینگ ریپ اور مرنے کے لیے چھوڑنا۔ ہر وہ عورت جس کا انٹرویو لیا گیا کا کہنا تھا کہ اس نے مزید 8-10 خواتین کی اجتماعی عصمت دری ہوتے ہوئے دیکھی اور پھر ان کو زندہ جلادیا گیا۔
اسی طرح بلیا روڈ کی رہائشی ایک خاتون نے گواہی میں بتایا کہ ان کے گاؤں کے بس اسٹاپ کے قریب کچھ کشیدگی تھی جہاں کچھ موٹر سائیکلوں اور سائیکلوں کو آگ لگا دی گئی۔ وہ اپنے بہنوئی کے گھر پر کھانا بنا کر بیٹے کو کھلا رہی تھی کہ ایک ہجوم نے ان کے گھر کو گھیر لیا اور آگ لگا دی۔ وہ دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے۔اور لوٹ مار کرنے کے بعد 15 بچوں سمیت سبھی افراد کے اوپر پٹرول پھینک دیا۔
چند خواتین نے پچھلے دروازے سے بھاگنے کی کوشش کی تو ان کو پکڑ کر برہنہ کر دیا گیا۔ ‘میرے بہنوئی نے ہمیں بچانے کی کوشش کی کیونکہ ہماری عصمت دری کی جا رہی تھی، تو ان کو ایک دوسر ے مرد کے ساتھ ہماری آنکھوں کے سامنے قتل کر دیا گیا۔ تین آدمیوں نے میری عصمت دری کی۔’
‘ہوش میں آنے کے بعد وہ پڑوس میں کپڑے مانگنے گئے، مگر کسی نے ان کو گھروں میں داخل ہونے نہیں دیا۔ پھر ہم کھیتوں کی طرف بھاگے،جو بھی چیتھڑے مل گئے اس میں جسم کو چھپانے کی کوشش کر رہے تھے۔ راستے میں پولیس وین ملی، مگر بجائے مدد کرنے کے انہوں نے ہمیں بھاگنے کے لئے کہا۔’ اس واقعہ میں 28 خواتین، جن میں 10 غیر شادی شدہ تھیں، کی اجتماعی آبرو ریزی کی گئی۔
اسی طرح گودھرا کیمپ میں ایک آٹھ سالہ چمکیلی آنکھوں والا شرمیلا بچہ بتا رہا تھا کہ جب اس کی ماں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا، تو وہ اس کے ساتھ تھا۔ اس کی ماں نے پچاس روپے اس کے حوالے کرکے کہا کہ اگر زندہ رہو گے تو خرچ کرنا۔ پیسے دینے کے بعد ماں نے اس کو بھاگنے کے لیے کہا، مگروہ ایک درخت کے پیچھے چھپ گیا۔ ‘وہاں سے میں نے سب کچھ دیکھا۔ انہوں نے میری ماں پر کیسے حملہ کیا، اس کے سارے کپڑے اتار دیے، پھر کئی مردوں نے اس کے ساتھ زیادتی کی اور پھر اسے جلا دیا۔’ اس بچہ کے پاس اب کنبہ تھا نہ پیسے تھے۔ ماں کی یاد وہ پچاس روپے اس کی جیب میں اب بھی موجود تھے۔
مودی کا کہنا ہے کہ منی پور ویڈیو نے قوم کو شرمسارکر دیا ہے۔ مگر گجرات میں ان کی حکومت کے دوران جو کھیل کھیلا گیا وہ شاید چنگیز و ہلاکو کو بھی شرمسار کرنے کے لیے کافی ہے۔شبنم ہاشمی کا کہنا ہے کہ آج کے ہندوستان میں بربریت کا ہر ایک واقعہ گجرات ماڈل کا حصہ ہے۔ لنچنگ، زمینوں پر قبضہ، جمہوریت، تعلیمی اور سائنسی اداروں کو ختم کرنا، میڈیا پر کنٹرول، خواتین پر بڑھتے ہوئے جنسی حملے، آزادی اظہار اور آزادی صحافت پر حملے – ان سب کا تجربہ گجرات میں کیا گیا ہے۔
آکسفوڈ یونیورسٹی میں آزادی کے بعد گجرات میں فرقہ وارانہ فسادات، جنسی تشدد اور ہندو قوم پرستی پر پیش کیے گئے اپنے مقالہ میں
میگھا کمار لکھتی ہیں کہ ہندو قوم پرستی کے بانیوں یعنی ویر ساورکر اور گرو گولوالکرنے قدیم صحیفوں کا حوالہ دےکر ہندوؤں کو مسلمانوں کے خلاف عصمت دری کو ایک جائز ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی ترغیب دی تھی۔ان نظریہ سازوں کا کہنا تھاکہ ماضی میں مسلمانوں نے اپنی حکمرانی کے دوران ہندو خواتین کی جو بے حرمتی کی ہے، اس کا بدلہ اسی طرح چکایا جا سکتا ہے۔ اگر مسلمان کبھی دوبارہ بھی برسر اقتدار آتے ہیں، تو وہ ماضی کی طرح ہندو خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے بارے میں سوچنے کی اب جرأت بھی نہیں کر سکیں گے۔
میگھا کا کہنا ہے کہ نہ صرف 2002 بلکہ 1969 کے احمد آباد میں ہوئے فسادات میں بھی مسلم خواتین کے خلاف ناقابل بیان جنسی تشدد کیا گیا تھا۔ ان کی تحقیق کے مطابق ان خواتین کو بھی خاندان اور بچو ں کے سامنے برہنہ کر کے گھما یا گیا۔ ان کی چھاتیوں کو کاٹ کر ان کے جنسی اعضاء مسخ کردیے گئے۔ اجتماعی عصمت دری سے فرار ہونے والی ایک مسلم خاتون آمنہ بانو کی گواہی کا ذکر کرتے ہوئے آکسفوڈ کی یہ محقق کہتی ہے کہ ان خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ان کے پاس پڑوس میں رہنے والے ہندو تھے، جن کے ساتھ وہ ساری زندگی رہتے آئے تھے۔
ان واقعات میں مشترکہ لنک یہ ہے کہ کسی بھی ملزم کبھی سزا نہیں ہوئی۔ شاید اگر 1969کے فسادیوں کو سزا مل گئی ہوتی، تو 1983میں آسام کے نیلی میں قتل عام نہیں ہوتا، اور اگر نیلی کے ملزمین کوکیفر کردار تک پہنچا گیا ہوتا، تو 1984کے سکھ مخالف فسادات نہیں ہوتے اور اگر ان میں شامل افراد کو قرار واقعی اور فوری سزائیں ملی ہوتیں، تو 2002کا گجرات فساد نہیں ہوا ہوتا۔
منی پور بھی چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے کہ ملزمین کو کیفر کردار تک پہنچا کر متاثرین کی داد رسی کا کچھ انتظام کرو ورنہ یہ سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے گا اور ہندوستان شرمسار ہوتا رہےگا۔