دہلی یونیورسٹی سے ایم فل کر رہی ہیں متاثرہ ۔وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی پولیس سے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کرنے کو کہا۔
نئی دہلی: دہلی کے مکھرجی نگر میں منی پور کی ایک اسٹوڈنٹ کومبینہ طور پر ‘کو رونا’ کہہ کر اس پر تھوکنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے۔دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی اس معاملے کو اپنے علم میں لیا ہے۔ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، یہ معاملہ مکھرجی نگر کے وجئے نگر علاقے کا ہے۔
دہلی یونیورسٹی کے انگریزی شعبہ سے ایم فل کی پڑھائی کر رہی متاثرہ نے کہا، ‘اتوار کی رات نو بجے کے بعد میں کچھ سامان لانے کے لیے اپنے ایک سینئر کے ساتھ بازار گئی تھی۔ جب میں گھر لوٹ رہی تھی تب اسکوٹی سوار ایک شخص نے میرے نزدیک آکر میرے چہرے پر پان تھوک دیا اور مجھے کو رونا کہہ کر بلایا۔’
متاثرہ2013 سے وجئے نگر میں رہ رہی ہے۔
متاثرہ نے کہا، ‘میں اس کا چہرہ نہیں دیکھ پائی کیونکہ اس نے ماسک پہنا ہوا تھا، لیکن پان کی پیک میری پوری ٹی شرٹ اور بالوں پر آ گری۔ میں نے اس شخص کا پیچھا کرنے کی کوشش کی لیکن میں نہیں کر پائی کیونکہ میری آنکھیں جلنے لگیں۔ اس وبا(کو رونا) کے بحران کے بیچ میں نے گھر پہنچ کر اپنی آنکھیں صاف کرنا مناسب سمجھا۔’
Am shocked to read this. Delhi Police must find the culprit and take strict action. We need to be united as a nation, especially in our fight against Covid-19 https://t.co/roMOMq2jNf
— Arvind Kejriwal (@ArvindKejriwal) March 23, 2020
اس معاملے کے سامنے آنے کے بعدوزیراعلیٰ کیجریوال نے ٹوئٹ کر کہا، ‘مجھے یہ پڑھ کر حیرانی ہوئی۔ دہلی پولیس اس گنہگار کو پکڑے اور سخت ایکشن لیں۔ ہمیں ملک کے طو پر متحدرہنا ہے، خاص طور پر کو رونا کے خلاف لڑائی میں۔’متاثرہ نے نارتھ ایسٹ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے نمائندوں کے ساتھ مل کر پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ متاثرہ نے کہا، ‘یہ نسلی حملہ تھا لیکن پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 509 کے تحت معاملہ درج کیا۔’
ڈی ایس پی (نارتھ ویسٹ) وجینت آریہ نے تصدیق کی کہ ایک نامعلوم شخص کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔