معاملہ شیوپور ضلع کا ہے۔ یکم نومبر کو مدھیہ پردیش کے یوم تاسیس کے موقع پر بی جے پی کے مقامی لیڈروں نے ایک صفائی مہم کا اہتمام کیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق رہنماؤں کی آمد سے قبل میونسپلٹی کے عہدیداروں اور ملازمین نے کوڑا کرکٹ پھیلادیا اور پھر رہنماؤں نے جھاڑولگاتے ہوئے فوٹو کھنچوائے ۔
کوڑا کرکٹ پھینکتے ہوئے شیوپور میونسپلٹی ملازمین کےوائرل ویڈیو کا اسکرین شاٹ۔ (بہ شکریہ: فیس بک)
نئی دہلی: مدھیہ پردیش کے شیوپور ضلع کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے۔ جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ بی جے پی لیڈروں نے صفائی مہم کی آڑ میں اپنا چہرہ چمکانے کے لیےایک صاف سڑک پر کچرا ڈلوایا، پھر جھاڑو لگاتے ہوئےفوٹو بنوائے۔
دینک بھاسکر کی خبر کے مطابق، صفائی مہم سے پہلےمیونسپلٹی کے افسران اور ملازمین نے سامنے ہی کھڑے ہو کر صاف سڑک پر کچراڈلوایا۔ کچھ دیر بعد بی جے پی لیڈر وہاں پہنچے اور جھاڑو لگاتے ہوئے فوٹو کھنچوانے لگے۔
اخبار کے مطابق، معاملہ شہر کے پٹیل چوک علاقے کا ہے اور یہ واقعہ یکم نومبر یعنی مدھیہ پردیش کے یوم تاسیس کے دن کا ہے۔ اس خاص موقع پر رسم نبھانے کے لیے بی جے پی کے مقامی رہنماؤں نے صفائی مہم کا آغاز کیا تھا۔
خبر کے مطابق، مہم سے پہلے میونسپلٹی کے ہیلتھ آفیسر ستیہ بھانو دیگر افسران اور ملازمین کے ساتھ پٹیل چوک پہنچے اور صفائی ملازمین سے وہ وہاں کی صاف ستھری سڑک پر کچرا پھیلانے کوکہا۔
اس کے بعد شیوپور کے سابق ایم ایل اے درگلال وجے، ریاستی ورکنگ کمیٹی کے رکن مہاویر سنگھ سسودیا اور دیگر بی جے پی لیڈر اور پارٹی کے ضلع افسر اور میونسپلٹی صدر رینو سجیت گرگ وہاں پہنچے۔
اس کے بعد وہاں موجود ہر شخص نے جھاڑو لگاتے ہوئے فوٹو بنوایا اور سیلفی لی اور اس طرح صفائی مہم کی رسم پوری کی۔
اس معاملے کو لے کر اپوزیشن کانگریس اور عام لوگوں نے بھی بی جے پی لیڈروں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
شیوپور ضلع کانگریس کے صدر اتل سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ بی جے پی صفائی مہم کے نام پر واہ واہی لوٹتی رہی ہے۔ وہ پہلے کچرا پھینکواتے ہیں، پھر جھاڑو لگاتے ہیں۔ اس سے ان کی ذہنیت کا پتہ چلتاہے۔ کانگریس اس کی مذمت کرتی ہے۔
وہیں،اس معاملے کے سرخیوں میں آنے کے بعد صفائی مہم میں شامل رہےایک بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم تھا کہ وہاں پہلے کچرا پھینکا گیا ہے۔ میونسپلٹی کے ملازمین نے یہ غلط کیا۔
شیوپور کے بی جے پی ضلع صدر سریندر سنگھ جاٹ نے بھی سارا الزام میونسپلٹی کے ملازمین پر ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کو وہاں کوڑا کرکٹ پھینکنے کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔ میونسپل ملازمین کی یہ حرکت غلط ہے۔ میں سی ایم او سے بات کروں گا اور کارروائی کا مطالبہ کروں گا۔
تاہم، موقع پر موجود ہیلتھ آفیسر ستیہ بھانو جاٹو نے تین صفائی کارکنوں کو نوٹس جاری کیا ہے۔ حالانکہ وہ اس پورے واقعہ کے دوران موقع پر موجود تھے لیکن پھر بھی ان کا کہنا ہے کہ میونسپلٹی کے ملازمین نے پہلے صفائی کر دی تھی، بعد میں انہیں اطلاع ملی کہ پٹیل چوک پر 10 منٹ کی رسمی صفائی مہم چلائی جانی ہے۔ ہم وہاں سے نکلےآئے تھے۔ اس کے بعد ملازمین نے خوف کے مارے وہاں کچرا پھینک دیا۔ ہم نے ان 3 ملازمین کو نوٹس جاری کیا ہے۔