انڈین ریلوے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگلی اطلاع تک ٹرین ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ بھی نہیں کی جائےگی۔ اس سے پہلے مسافر خدمات 14 اپریل تک رد کی گئی تھیں۔
نئی دہلی:ملک میں لاک ڈاؤن بڑھنے کے بعد انڈین ریلوے نے بھی اپنی مسافر خدمات کو تین مئی تک رد کر دیا ہے۔ریلوے کی طرف سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگلی اطلاع تک ٹرین ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ بھی نہیں کی جائےگی۔ریلوے کے مطابق، ایمرجنسی کو دیکھتے ہوئے ٹرین خدمات کو پھر سے شروع کیا جا سکتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ کو رونا وائرس کے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کے لیےوزیراعظم نریندر مودی کے ذریعے ملک میں جاری لاک ڈاؤن کو تین مئی تک بڑھانے کے اعلان کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔حکام نے کہا، ‘لاک ڈاؤن بڑھائے جانے کے مد نظر ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ جلد ہی اس پر تفصیلی جانکاری دی جائےگی۔’
اس سے پہلے مسافرخدمات 14 اپریل تک رد کی گئی تھیں۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کو رونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے
جاری ملک گیر لاک ڈاؤن کوبڑھاکر تین مئی تک کر دیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ جن شعبوں میں حالات خراب ہونے کا امکان نہیں ہوگا، وہاں 20 اپریل کے بعد کچھ راحت دی جا سکتی ہیں۔
اس سے پہلے ملک میں کو رونا وائرس کی وجہ سے25 مارچ سےملک گیرلاک ڈاؤن نافذکیا گیا تھا، جس کی مدت 14 اپریل کو کو ختم ہونی تھی۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)