واقعہ کو چونکانے والا بتاتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے سوموار کو کہا کہ ہم تب تک چین سے نہیں بیٹھیںگے جب تک قاتلوں کو سزا نہیں مل جاتی ہے۔
یوتھ کانگریس کارکن کرپیش اور سرت لال (فوٹو بشکریہ : ٹوئٹر / اومن چانڈی)
نئی دہلی: کیرل کے کاسرگوڈ ضلع میں اتوار کی رات ایک گروپ نے یوتھ کانگریس کے دو کارکنوں کا قتل کر دیا۔ کانگریس نے اس حملے کے لئے حکمراں پارٹی سی پی ایم کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق، پولیس نے بتایا کہ یوتھ کانگریس کے کارکنان 21 سالہ سرت لال اور 19 سالہ کرپیش ایک پروگرام سے بائیک پر واپس آ رہے تھے۔ اسی دوران پیریا میں ایک کار سوار گروپ نے ان پر حملہ کر دیا۔
انہوں نے کار سے ٹکر مارکر بائیک کو گرا دیا اور پھر دونوں کا قتل کر دیا۔ جہاں کرپیش کی موقع پر ہی موت ہو گئی وہی سرت نے علاج کے لئے منگلور لے جاتے ہوئے دم توڑ دیا۔پولیس نے کہا کہ حال کے دنوں میں پیریا میں سیاسی گہماگہمی بڑھ گئی ہے لیکن فی الحال حالات قابو میں ہیں۔
حکمراں سی پی ایم پر الزام لگاتے ہوئے کانگریس نے سوموار کو کاسرگوڈ میں مظاہرہ کے ساتھ بند کا اعلان کیا ہے۔ وہیں یوتھ کانگریس ریاست بھر میں مظاہرہ کر رہی ہے۔
اسکرول ڈاٹ ان کی خبر کے مطابق، کیرل کے سابق وزیراعلیٰ اومن چانڈی نے کہا، ‘ یہ خبر سنکر بہت دکھ ہوا کہ سی پی ایم حامیوں نے یوتھ کانگریس کے دو کارکنوں کا قتل کر دیا۔ کسی بھی مہذب سماج میں تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ‘
وہیں کیرل اسمبلی میں حزب مخالف کے رہنما رمیش چینی تھالا نے اس واقعہ کو وحشیانہ اور ناقابل معافی بتایا ہے۔ انہوں نے کہا، ‘ سی پی ایم کے خون کی پیاس نہیں بجھ سکتی۔ کاسرگوڈ میں سی پی ایم کے غنڈوں نے ایک بار پھر سے دو لوگوں کی جان لے لی۔ ‘
واقعہ کو چونکانے والا بتاتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے سوموار کو کہا، ‘ ہم تب تک چین سے نہیں بیٹھیںگے جب تک قاتلوں کو سزا نہیں مل جاتی ہے۔ ‘
سی پی ایم کے ضلع سکریٹری ایم وی بالاکرشنن ماسٹر نے قتل میں اپنی پارٹی کے کسی بھی رول سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا، ‘ ہم اس قتل کی کڑی مذمت کرتے ہیں۔ ہم قتل کرنے والی سیاست کے خلاف ہیں۔ اس میں ہمارا کوئی رول نہیں ہے۔ ‘پولیس نے کہا کہ ان کو شک ہے کہ یہ قتل کچھ دنوں پہلے کانگریس اور سی پی ایم کارکنوں کے بیچ لڑائی کا نتیجہ ہے۔اس حملے میں سی پی ایم کے پیریا سکریٹری اور دو دوسرے کارکن زخمی ہو گئے تھے۔