پولیس کے مطابق یہ معاملہ 10 اپریل کی دیر رات کا ہے جب جھمرو گاؤں میں آدیواسی کمیونٹی کے 4 لوگ مرے ہوئے بیل کا گوشت کاٹ رہے تھے ۔
نئی دہلی: جھارکھنڈ کے گملا ضلع میں گئو کشی کے شک میں بھیڑ نے ایک آدمی کو پیٹ پیٹ کر اس کی جان لے لی ۔ اس حملے میں تین لوگ زخمی ہوئے ہیں ۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق، مرنے والی کی پہچان پرکاش لاکرا کے طور پر ہوئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ معاملہ 10 اپریل کی دیر رات کا ہے جب جھمرو گاؤں میں آدیواسی کمیونٹی کے 4 لوگ مرے ہوئے بیل کا گوشت کاٹ رہے تھے ۔ اس دوران جے راگی گاؤں کے کچھ لوگوں نے ان کو دیکھا اور ان کے ساتھ مارپیٹ کی ۔
چھوٹا ناگپور رینج کے ڈی آئی جی ہومکر امول وینوکانت نے کہا کہ یہ معاملہ چھتیس گڑھ بارڈر کے پاس ڈمری پولیس اسٹیشن سے تقریباً 20 کیلو میٹر کی دوری پر ہوا۔ پو لیس کے مطابق ، جے راگی گاؤں کے کچھ لوگ چھتیس گڑھ سے لوٹ رہے تھے اسی وقت راستے میں انہوں نے کچھ لوگوں کو مرے ہوئے بیل کا گوشت کاٹتے دیکھا۔رپورٹ کے مطابق، گاؤں والوں کو لگا کہ انہوں نے گئو کشی کی ہے ۔ اس کے بعد وہ ان کو پیٹنے لگے ۔بعد میں گاؤں والے ان کو پکڑ کر ڈمری پولیس اسٹیشن لے گئے جہاں حملے میں زخمی ایک شخص کی حالت بگڑ گئی ۔ اس کو فوری طور پر ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں گرفتاری کے لیے ایک ٹیم بنائی گئی ہے۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ گاؤں والوں سے جانکاری ملی ہے کہ بیل کی موت قدرتی وجوہات سے ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ملزموں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور اب تک اس معاملے میں کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔دریں اثنا
پربھات خبر کے مطابق، اس حملے میں جہاں پرکاش لاکرا کی موت ہوگئی ہے وہیں پیٹر کیرکیٹا(50)، بیلاسیوس(60)اور جناواریوس منج(40) زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔جمعرات شام کو پرکاش لاکرا کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے گھر والوں کے حوالے کر دی گئی ہے ۔ حملے کے بعد جھمرو گاؤں کی عورتیں زخمیوں کو دیکھنے ہاسپٹل گئی تھیں لیکن کشیدگی کے مدنظر ان کو جانے نہیں دیا گیا۔
معاملے کے بعد جے راگی اور جھمرو گاؤں میں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے تین تھانوں کے پولیس فورس کو تعینات کردیا گیا ہے ۔ ایس پی انجنی کمار جھا سمیت دوسرے پولیس اہلکار وں نے جائے واردات پر پہنچ کر معاملے کی جانکاری لی ہے۔متاثرین سے ملنے کے بعد پولیس افسر انجنی کمار جھا نے کہا کہ ، قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کا کسی کو حق نہیں ہے ۔ معاملے کے سبھی پہلوؤں کی جانچ کی جارہی ہے ۔ اس معاملے کے ذمہ دار لوگوں کو بخشا نہیں جائے گا۔حملے میں اپنی جان گنوانے والے لاکرا کی بیوی جیرمینانے بتایا کہ جھمرو گاؤں کے لوگ جانوروں کا گوشت کھاتے ہیں ۔ گاؤں کے جکھریس کجور کا ایک بوڑھا بیل ندی کنارے گر گیا تھا ۔ اس کی جانکاری ملنے کے بعد گاؤں کے کچھ لوگ اس کو دیکھنے گئے تھے ۔
جیر مینا نے بتایا کہ ، جانور کو کھانے کے لیے کاٹا جارہا تھا ، تبھی جے راگی گاؤں کے ایک کمیونٹی کے لوگوں نے حملہ کردیا۔جس میں کچھ لوگ جان بچاکر بھاگ گئے ۔ اس حملے میں میرے شوہر کی موت ہوگئی اور تین لوگ زخمی ہوگئے ۔انہوں نے کہا ، لوگوں کو اتنا نہیں مارنا چاہیے تھا، پکڑکر پولیس کے حوالے کر دینا چاہیے تھا۔جان سے ماردیا۔