مہاراشٹر: ہندوستان-پاکستان کرکٹ میچ کے دوران ’ملک مخالف نعرے‘ لگانے کا الزام – والدین حراست میں، دکان توڑی گئی

05:11 PM Feb 26, 2025 | دی وائر اسٹاف

سندھو درگ ضلع کے مالون میں پولیس نے بتایا کہ شکایت میں الزام لگایا گیا تھا ایک 15 سالہ لڑکے نے اتوار کو ہندوستان-پاکستان کرکٹ میچ کے دوران ‘ملک مخالف’ نعرے لگائے۔ لڑکے کو حراست میں  لیا گیا ہے اور اس کے والدین کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کی کباڑ کی دکان کو مسمار کر دیا گیا ہے۔

ہندوستان-پاکستان کرکٹ میچ کے دوران ملک مخالف نعرے لگانے پر خاندان کو حراست میں لیا گیا اور ان کی کباڑ کی دکان کو منہدم کر دیا گیا۔ (تصویر بہ شکریہ: X/@meNeeleshNRane)

نئی دہلی: مہاراشٹر کے سندھو درگ ضلع کے مالون میں حکام نے ایک 15 سالہ لڑکے کو حراست میں لیا، اس کے والدین کو گرفتار کیا اور ان کی کباڑ کی دکان کو مسمار کردیا۔

پولیس نے بتایا کہ انہیں ایک شکایت موصول ہوئی تھی  جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ لڑکے نے گزشتہ اتوار کو ہندوستان-پاکستان کرکٹ میچ کے دوران ‘ملک مخالف’ نعرے لگائے تھے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، سندھو درگ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سوربھ اگروال نے کہا کہ ایک شخص، جو رات تقریباً 9.30 بجے میچ کے دوران خاندان کے گھر کے پاس سے گزر رہا تھا، نے الزام لگایا کہ اس نے لڑکے کو ‘ملک مخالف’ نعرے لگاتے ہوئے سنا۔

ایس پی کے مطابق راہگیروں اور پڑوسیوں نے اہل خانہ کے خلاف احتجاج کیا۔ اگروال نے کہا، ‘اس سے دونوں فریق  میں لڑائی ہوئی، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ ایک مقامی باشندے کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی گئی۔ چونکہ لڑکا نابالغ ہے اس لیے ہم نے اسے آبزرویشن ہوم بھیج دیا ہے۔’

دی ہندو کی خبر کے مطابق، گرفتار جوڑے کی شناخت کتب اللہ خان (38)، عائشہ خان (35) اور ان کے بیٹے کے طور پر ہوئی ہے۔ اتر پردیش سے تعلق رکھنے والا یہ خاندان 15 سال پہلے مالون میں آباد ہے۔

الزام ہے کہ نابالغ نے مبینہ طور پر ‘افغانستان زندہ باد’، ‘بھارت گیا بھاڑ میں’ اور ‘ہندوستان مردہ باد’ کے نعرے لگائے تھے۔

لڑکے کے والدین کو اتوار کو گرفتار کیا گیا اور اس کے بعد سے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔ ان پر بھارتیہ نیایےسنہتا کی دفعہ 196 (مختلف گروہوں کے درمیان مذہب کی بنیاد پر دشمنی کو فروغ دینا)، 197 (قومی یکجہتی کو  نقصان پہنچانے  والے الزام ، دعوے) اور 3 (5) (یکساں ارادے کے ساتھ متعدد افراد کی طرف سے کیے گئے کام ) کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

سوموار کو مقامی لوگوں نے خاندان کے خلاف موٹر سائیکل ریلی نکالی اور مزید کارروائی کا مطالبہ کیا۔

پولیس نے بتایا کہ مالون میونسپل کونسل نے بعد میں ان کی کباڑ کی دکان کو منہدم کر دیا — اور اس عمل میں خاندان کی ملکیت والی ایک گاڑی کو نقصان پہنچایا — اس بنیاد پر کہ دکان کی  منظوری نہیں تھی۔

ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا کے ایم ایل اے اور سابق مرکزی وزیر نارائن رانے کے بیٹے نیلیش رانے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں الزام لگایا کہ ‘اسکریپ ڈیلر نے ہندوستان مخالف تبصرے کیے ہیں۔’

رانے نے وعدہ کیا کہ،’ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ آخرکار اسے ضلع بدر کر دیا جائے، فی الحال ہم نے اس کے اسکریپ کے کاروبار کو تباہ کر دیا ہے۔’

انہدامی کارروائی  کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے رانے نے مالون میونسپل کونسل اور پولیس کا ‘فوری کارروائی’ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔