تریپورہ کے وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے کہا کہ 2014 میں وزیر اعظم مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بی جے پی کی حکومت میں ترقی نے سب سے غریب لوگوں تک رسائی حاصل کی ہے اور اس طرح کی ہمہ گیر اور ہمہ جہت ترقی صرف ‘رام راجیہ’ میں ہی ممکن ہے۔
وزیر اعلیٰ مانک ساہا اور وزیر اعظم نریندر مودی۔ (تصویر بہ شکریہ: X/@DrManikSaha2)
نئی دہلی: 22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر کی پران-پرتشٹھا کی تقریب سے کچھ دن پہلے تریپورہ کے وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے منگل کو کہا کہ ہندوستان پہلے ہی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ‘رام راجیہ’ کا احساس کر رہا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، اگرتلہ شہر کے کیر چومہانی میں ایک کالی مندر میں صفائی مہم میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ساہا نے ‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس’ اقدام کے ذریعے حکمرانی میں شفافیت اور ہمہ گیر ترقی لانے کے لیے مودی کی تعریف کی۔
سال 2014 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بی جے پی کے دور حکومت میں شفاف حکمرانی اور ہمہ جہت ترقی کے پر اصرار کرتے ہوئے ساہا نے کہا کہ سب سے غریب لوگوں تک ترقی پہنچی اور اس طرح کی ہمہ گیر اور ہمہ جہت ترقی صرف ‘رام راجیہ’ میں ہی ممکن ہے۔
‘رام راجیہ’ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ساہا نے دعوی کیا کہ یہ سب کے لیے انصاف اور فوائد کو یقینی بنائے گا اور کہا کہ ہندوستان پی ایم مودی کی حکومت میں اس مرحلے سے گزر رہا ہے۔
‘پانچ سو سال کی جدوجہد کے بعد رام مندر کی تقدیس’ کا سہرا وزیر اعظم کو دیتے ہوئے ساہا نے کہا کہ مندر کا افتتاح تمام ہندوستانیوں کے ذہن میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
اس ہفتے کے شروع میں رام مندر یاترا کے آغاز سے قبل تریپورہ میں ریاست گیر صفائی مہم شروع کی گئی ہے۔ اس کے تحت سی ایم ساہا، سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی مرکزی وزیر مملکت پرتیما بھومک، اگرتلہ کے میئر دیپک مجمدار اور دیگر لوگ سڑکوں کی صفائی کرتے نظر آئے۔