وزارت داخلہ نے نوٹس جاری کر کے بتایا کہ غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق ایکٹ، 1967 کے تحت ایل ٹی ٹی ای پر یہ پابندی بڑھائی گئی ہے۔
وی پربھاکرن،فوٹو بہ شکریہ: velupillaiprabhakaran.wordpress.com
نئی دہلی: مرکزی حکومت نے لبریشن ٹائیگرس آف تمل الم (ایل ٹی ٹی ای)پر مزید پانچ سال کے لئے فوری طور سے پابندی بڑھا دی ہے۔ وزارت داخلہ نے منگل کو ایک نوٹس جاری کر کےاس کی جانکاری دی۔وزارت نے بتایا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق ایکٹ، 1967 کے تحت یہ پابندی بڑھائی گئی ہے۔وزارت داخلہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ایل ٹی ٹی ای کی طرف سے جاری تشدد اور ضرر رساں سرگرمیاں ہندوستان کی یکجہتی اور سالمیت کے لئے نقصاندہ ہیں۔
اس میں کہا گیا ہے کہ تنظیم ہندوستان مخالف رخ اپنائے ہوئی ہے اور ہندوستانی شہریوں کی تحفظ کے لئے سنگین خطرہ پیدا کرتی ہے۔ایل ٹی ٹی ای یا تمل ٹائگرس کی تشکیل 1976 میں وی پربھاکرن نے کی تھی۔ اس کی تشکیل سری لنکا میں آزاد تمل ریاست کے قیام کے مقصد کے لئے کی گئی تھی۔سری لنکا کی فوج نے سال 2009 میں تمل علاحدگی پسند تنظیم ایل ٹی ٹی ای کو ہرانے کے بعد 25 سال لمبی خانہ جنگی کے ختم ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اسی سال جنگ کے دوران 19 مئی کو سری لنکا کی فوج نے پربھاکرن نے مار گرایا تھا۔
پربھاکرن نے 1991 میں ہندوستان کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کی ہدایت دی تھی ۔واضح ہو کہ ہندوستان نے غیرقانونی سرگرمیوں سے متعلق قانون کے تحت لبریشن ٹائیگرس آف تمل الم (ایل ٹی ٹی ای پر 14 مئی 1992 کو پابندی لگا دی تھی۔ یورپی یونین، کناڈا اور امریکہ میں بھی اس تنظیم پر پابندی تھی۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)