پولیس کے مطابق، انکت شرما انٹلی جنس بیورو میں بطورسکیورٹی اسسٹنٹ کام کر رہے تھے اور کھجوری خاص علاقے میں اپنی فیملی کے ساتھ رہتے تھے۔ شروعاتی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ وہ منگل کی شام سے لاپتہ تھے۔
نئی دہلی: پولیس نے بتایا کہ انٹلی جنس بیورو (آئی بی) کے ساتھ کام کرنے والے ایک 26 سالہ شخص کی لاش بدھ کی دوپہر شمال مشرقی دہلی کے چاند باغ علاقے میں ایک نالے میں پڑی ملی۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق، شروعاتی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ وہ منگل کی شام سے لاپتہ تھے۔ مبینہ طور پر انہیں ان کے گھر کے پاس سے اٹھا لیا گیا تھا اور اس کے بعد لوگوں کے ایک گروپ نے ان پر حملہ کیا تھا۔پولیس کے مطابق، مرنے والی کی پہچان انکت شرما کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ آئی بی کے ساتھ سکیورٹی اسسٹنٹ کے طور پر کام کر رہے تھے اور کھجوری خاص علاقے میں اپنی فیملی کے ساتھ رہ رہے تھے۔
Delhi: Body of Intelligence Bureau Officer Ankit Sharma found in North East district's Chand Bagh area today. pic.twitter.com/WLDG0odk6P
— ANI (@ANI) February 26, 2020
ایک سینئر پولیس افسر نے کہا، ان کی فیملی کے ممبروں نے پولیس کو بتایا کہ منگل کی صبح جہاں ان کا گھر ہے اس علاقے کی سڑک پر ایک گروپ نے پتھربازی شروع کر دی۔ فیملی کے ممبروں نے انکت کو بلایا اور انہیں بچانے کے لیے کہا۔ وہ سڑک پر پہنچے لیکن گروپ نے انہیں روک لیا۔ وہ انہیں پیٹنے لگے اور اپنے ساتھ لےکر چلے گئے۔
پولیس نے کہا کہ ان کے والدین نے ان سے نالے کو دیکھنے کو کہا، جہاں پر بدھ کو ان کی لاش ملی۔انکت کے والد دیویندر شرما بھی آئی بی میں ہیڈ کانسٹبل ہیں۔
ان کے مطابق، پہلے انکت کی پٹائی کی گئی اور پھر گولی مار دی گئی۔پولیس نے لاش کو قبضے میں لے لیا ہے اور پوسٹ مارٹم کے لیے جی ٹی بی ہاسپٹل بھیج دیا ہے۔ شرما نے کہا کہ انکت سال 2017 میں آئی بی میں شامل ہوئے تھے۔