عام آدمی پارٹی کے ذریعے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کیا گیا تھا، جس میں دہلی بی جے پی صدر منوج تیواری عآپ کے تشہیری نغمہ پر ڈانس کرتے نظر آ رہے ہیں۔ تیواری نے کہا کہ ویڈیو کے بارے میں الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی ہے۔
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے ایک ویڈیو ٹوئٹ کرنےکے بعد دہلی بی جے پی نے اتوار کوعام آدمی پارٹی کو ہتک عزت کا نوٹس بھیج کر 500 کروڑ روپے کا ہرجانہ مانگا ہے۔
ہندستان ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، عام آدمی پارٹی نے ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے، جس میں دہلی بی جے پی صدر منوج تیواری اسمبلی الیکشن کے لیے عام آدمی پارٹی کے تشہیری نغمہ کی دھن پر ڈانس کرتے نظر آ رہے ہیں۔
یہ ویڈیو منوج تیواری کے ایک پرانے بھوجپوری البم کا ایڈٹ کیا ہوا حصہ ہے، جس میں پیچھے ان کے گیت کے بجائے آئندہ اسمبلی الیکشن کے لیے تیار کیا گیا عآپ کا تشہیری نغمہ ‘لگے رہو کیجریوال’ بج رہا ہے۔اس بارے میں منوج تیواری نے کہا، ‘عام آدمی پارٹی کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ الیکشن کے لیے اپنے تھیم سانگ کے لیے میرے ویڈیو کا استعمال کریں؟’
دہلی بی جے پی صدر تیواری نے بتایا کہ اس بارے میں الیکشن کمیشن کے سامنے بھی شکایت کی گئی ہے۔ ہتک عزت کے لیے 500 کروڑ روپے کے ہرجانے اور آئی پی آر (Intellectual property rights)کو لےکر بھی شکایت کی گئی ہے۔
دہلی بی جے پی صدر نے یہ بھی کہا کہ کیجریوال آئندہ اسمبلی الیکشن میں ان کی پارٹی کے ہار کے امکانات سے بوکھلائے ہوئے ہیں۔وہیں، دہلی بی جے پی کے میڈیا ہیڈ نیل کانت بکشی نے کہا کہ آپ کی تشہیری مہم میں تیواری کے چہرے کا استعمال دکھاتا ہے کہ وہ کیجریوال سے زیادہ مقبول ہیں۔
عام آدمی پارٹی نے ابھی تک اس پر کوئی رد عمل نہیں دیا ہے۔
اس سے پہلے بی جے پی کے ذریعے بھی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال پر طنز کرتے ہوئے ایک ویڈیو پوسٹ کیا گیا تھا۔معلوم ہو کہ دہلی کی سبھی 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے آٹھ فروری کو الیکشن ہونا ہے۔ نتیجہ 11 فروری کو آئیں گے۔دہلی میں کل 1.46 کروڑ ووٹر ہیں۔ 6 جنوری کو الیکشن کے اعلان کے ساتھ ہی دہلی میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہو گئی تھی۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)