بھینس کے بعد گائے سے ٹکرا ئی وندے بھارت ایکسپریس، وزیر بولے –مویشیوں سے ٹکر کو ذہن میں رکھ کر بنائی گئی ہے ٹرین

گزشتہ 6 اکتوبر کو گاندھی نگر-ممبئی وندے بھارت ایکسپریس احمد آباد کے قریب واٹوہ میں چار بھینسوں سے ٹکرا گئی تھی۔ اگلے دن یہی ٹرین آنند اسٹیشن کے قریب ایک گائے سے ٹکرا گئی۔

گزشتہ 6 اکتوبر کو گاندھی نگر-ممبئی وندے بھارت ایکسپریس احمد آباد کے قریب واٹوہ میں چار بھینسوں سے ٹکرا گئی تھی۔ اگلے دن یہی ٹرین آنند اسٹیشن کے قریب ایک گائے سے ٹکرا گئی۔

(تصویر:پی ٹی آئی)

(تصویر:پی ٹی آئی)

نئی دہلی: گاندھی نگر-ممبئی وندے بھارت ایکسپریس جمعہ کو گجرات کے آنند اسٹیشن کے قریب ایک گائے سے ٹکرا گئی، جس سے ٹرین کے اگلے حصے کو معمولی نقصان پہنچا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ حادثے کے وقت ٹرین ممبئی جا رہی تھی۔

دو دنوں کے اندر یہ اس طرح کا دوسرا واقعہ ہے۔

ویسٹرن ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر (پی آر او) سمت ٹھاکر نے بتایا کہ یہ واقعہ ممبئی سے تقریباً 433 کلومیٹر دور کنجری اور آنند اسٹیشن کے درمیان سہ پہر 3:49 پر پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ تمام مسافر محفوظ ہیں۔ ٹھاکر نے کہا، ٹرین کے اگلے حصے کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

سینئر پی آر او پردیپ شرما نے بتایا کہ ٹرین کے رکنے کے بعد دس منٹ میں سفر دوبارہ شروع ہوا۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گائے اس حادثے میں بچی یا نہیں۔

گاندھی نگر-ممبئی سینٹرل کے درمیان چلنے والی وندے بھارت ایکسپریس جمعرات (6 اکتوبر) کو احمد آباد کے قریب واٹوہ میں چار بھینسوں سے ٹکرا گئی تھی۔ جس کی وجہ سے ٹرین کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا تھا۔ اس حادثے میں بھینسوں کی جان چلی گئی تھی۔

تاہم جمعہ کو پیش آنے والے واقعے میں ٹرین کے اگلے حصے کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

بھینس  مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج

پچھلے دنوں ممبئی اور گاندھی نگر کے درمیان شروع ہوئی  وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کے 6 اکتوبر کی صبح گجرات میں بھینسوں کے ایک جھنڈسے ٹکرا جانے کے سلسلے میں ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے ان مویشیوں کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

ویسٹرن ریلوے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ممبئی میں بھینسوں کے جھنڈ سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہونے والے حصے کی مرمت کر دی گئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ حال ہی میں شروع ہونے والی ممبئی سینٹرل-گاندھی نگر وندے بھارت ٹرین جمعرات کو صبح تقریباً 11:15 بجے احمد آباد کے قریب پٹری پراچانک  بھینسوں کے جھنڈ سے ٹکرا گئی۔ اس وقت ٹرین گاندھی نگر کی طرف جارہی تھی۔ حادثے میں چار بھینسوں کی موت ہو گئی۔

ویسٹرن ریلوے کے سینئر ترجمان (احمد آباد ڈویژن) جتیندر کمار جینت نے کہا، آر پی ایف نے احمد آباد کے واٹو ہ اور منی نگر ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان وندے بھارت ٹرین کے راستے میں آنے والی بھینسوں کے نامعلوم مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔

اہلکار کے مطابق، ویسٹرن ریلوے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔

’وندے بھارت‘ کا ڈیزائن مویشیوں کے ٹکرکو ذہن میں رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے: وزیر ریلوے

دونوں حادثات کے بعد ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے جمعہ کو کہا کہ پٹریوں پر جانوروں سے ٹکر کو ٹالا نہیں جا سکتا اور سیمی ہائی سپیڈ ٹرین وندے بھارت کو ڈیزائن کرتے وقت اس بات کو ذہن میں رکھا گیا ہے۔

ویشنو نے یہاں کہا، ٹرین کو خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے اور یہ بہت مضبوط ہے اور اگر کوئی حادثہ ہو جائے تو بھی ٹرین کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ ٹرین کا اگلا حصہ مکمل طور پر تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ جیسے ہی ٹرین (جمعرات کو حادثے کے بعد) ممبئی پہنچی، اسے مکمل طور پر صاف کر دیا گیا اور اس کے اگلے حصے کو تبدیل کر دیا گیا۔

وزیر ولبھ ودیا نگر میں ایک انجینئرنگ کالج کے طلبا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا، ٹرین کو بہت سوچ سمجھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

وزیر نے کہا، ہندوستان میں زمین پر پٹریاں بچھائی جاتی ہیں۔ آپ جہاں بھی جائیں گے، جانور انہیں پار کریں گے۔ انہیں کوئی نہیں روک سکتا۔ جب تک  ہم اگلے پانچ چھ سالوں میں پٹریوں کو اونچا نہیں کریں لیتے ، وہ (جانور) ٹرینوں کے سامنے آئیں گے۔

مرکزی وزیر نے کہا، ٹرینیں 120-130-160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی اور ٹکر ہونا لازمی ہے۔ یہ کامن سینس اور ڈیزائن کی بات ہے۔ اس لیے اسے اس طرح سے ڈیزائن کریں کہ جب بھی ایسا واقعہ پیش آئے تو آپ اسے ٹھیک کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرین کو اسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ویشنو نے کہا کہ وندے بھارت ٹرین کے اگلے ورژن کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ اس کا تازہ ترین ورژن، جو گاندھی نگر-ممبئی روٹ پر چلتا ہے، اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)