آر ایس ایس کے خلاف ایف آئی آر درج نہ کرنے پر ناگپور پولیس کو عدالت کا نوٹس: رپورٹ

04:29 PM Aug 23, 2022 | دی وائر اسٹاف

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق، مہاراشٹر میں ناگپور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ہتھیاروں کے ‘غیر قانونی قبضے’کے سلسلے میں  راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے خلاف شکایت موصول ہونے کے باوجود مقدمہ درج کرنے میں مبینہ ناکامی کے لیے یہ نوٹس جاری کیا ہے اور چار ہفتے کے  اندر جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔

(السٹریشن: دی وائر)

نئی دہلی: مہاراشٹر کے ناگپور ضلع کی ایک عدالت نےہتھیاروں کے’غیر قانونی قبضہ’ کے بارے میں  شکایت موصول ہونے کے باوجود راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے خلاف مقدمہ درج کرنے میں مبینہ ناکامی پرسنیچر (19 اگست) کو مقامی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سماجی کارکن محسن جبل پورے کی عرضی  پر سماعت کر رہی تھی۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، جبل پورے، جو ایک کانگریس کارکن بھی ہے، نے 2018 میں ایک آر ٹی آئی دائر کی تھی جس میں مقامی کوتوالی پولیس اسٹیشن سے آر ایس ایس کے ہتھیاروں کے بارے میں تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔ انہوں نے یہ بھی جاننے کی کوشش کی تھی کہ کیا یہ ہتھیار انتخابات کے دوران یا دیگر ہنگامی حالات کے دوران ضبط کیے گئے تھے۔ تاہم، ناگپور کوتوالی پولیس درخواست گزار کو کوئی تفصیلات فراہم کرنے میں ناکام رہی۔

اس کے بعد جبل پور نے کوتوالی پولیس سے ‘ہتھیار رکھنے’کے  لیے آر ایس ایس کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے رجوع کیا، لیکن پولیس نے توجہ نہیں دی۔

اس کے بعد کارکن نے عدالت سے رجوع کیا، جس نے 2018 میں کوتوالی پولیس اسٹیشن کو نوٹس جاری کیا۔ تاہم پولیس کوئی ٹھوس جواب دینے میں ناکام رہی۔

سنیچر کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایس بی گاونڈے نے پھر سےکوتوالی پولیس کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں کے اندر جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔

ہر سال آر ایس ایس وجے دشمی تہوار کے دوران اپنے ہیڈکوارٹر میں اسلحہ کی  پوجا کرتی ہے۔ سرسنگھ چالک یا آر ایس ایس کے سربراہ سالانہ روایتی تقریر سے پہلے یہ پوجا کرتے ہیں۔