اتر پردیش بی جے پی کے ترجمان راکیش ترپاٹھی نے کہا کہ پارٹی ایسے بیانات کی حمایت نہیں کرتی ہے۔ پارٹی اس معاملے کو اپنے علم میں لے گی اور برہج سے ایم ایل اے سریش تیواری سے پوچھےگی کہ انہوں نے کن حالات میں اس طرح کا تبصرہ کیا۔
اتر پردیش کے برہج سے بی جے پی ایم ایل اے سریش تیواری(فوٹو: فیس بک)
نئی دہلی: اتر پردیش سے بی جے پی ایم ایل اے سریش تیواری نے دیوریا ضلع کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ مسلم سبزی فروشو ں سے سبزیاں نہ خریدیں۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق، دیوریا کے برہج اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے سریش تیواری کا یہ تبصرہ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں سنا جا رہا ہے۔
کچھ سرکاری حکام کے ساتھ وہ کچھ لوگوں سے کہہ رہے ہیں،‘ایک بات ذہن میں بٹھا لو، میں سبھی کو کھلے طور پر بتا رہا ہوں، کوئی بھی مسلمانوں سے سبزیاں نہ خریدیں۔’رابطہ کیے جانے پر تیواری نے کہا کہ انہوں نے یہ تبصرہ پچھلے ہفتے برہج نگر پالیکا کے دفتر کے دورے کے دوران کی تھی، جہاں کئی سرکاری افسر موجود تھے۔
انہوں نے کہا، ‘ایسی شکایتیں سننے کے بعد کہ ایک کمیونٹی کے لوگ کو رونا وائرس پھیلانے کے مقصد سے تھوک سےگندہ کرکے سبزیاں بیچ رہے ہیں، میں انہیں صلاح دی کہ وہ ان سے سبزیاں نہ خریدیں…حالات عام ہونے کے بعد دیکھیں گے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔’
ایم ایل اے نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے صرف اپنی صلاح دی ہے اور یہ لوگوں پر منحصر کرتا ہے کہ وہ اس پر عمل کرنا چاہتے ہیں۔پچھلے مہینے دہلی کے نظام الدین میں ہوئے تبلیغی جماعت کے اجتماع کی مثال دیتے ہوئے تیواری نے کہا، ‘ہر کوئی دیکھ سکتا ہے کہ جماعت کے ممبروں نے ملک کے ساتھ کیا کیا ہے۔’
ریاست میں بی جے پی کے ترجمان راکیش ترپاٹھی نے کہا کہ پارٹی ایسے بیانات کی حمایت نہیں کرتی ہے۔ پارٹی اس معاملےکو اپنے علم میں لےگی اور تیواری سے پوچھے گی کہ انہوں نے کن حالات میں اس طرح کا تبصرہ کیا۔