یہ دھرنا ایرناکلم میں ایک مزدور کیمپ کے پاس اتوار سے شروع ہوا۔الزام ہے کہ ایک عمارت میں رہ رہے 2000 مزدوروں کو پوراکھانامہیا نہیں کرایا جا رہا۔
نئی دہلی: کیرل کے ایرناکلم میں کھانامہیا نہیں کرانے کی وجہ سےمہاجر مزدور دھرنے پر بیٹھے ہیں۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، یہ دھرنا ایرناکلم میں ایک مزدور کیمپ کے پاس اتوار سے شروع ہوا۔
ضلع انتظامیہ کے سینئر حکام نے مزدوروں کو پیرمبور کی بائی کالونی میں کھانے کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔بتا دیں کہ پیرمبوور کیرل میں مہاجر مزدوروں کا ایک بڑامرکز ہے۔
معلوم ہو کہ بائی کالونی میں اتوار کو اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی ، جب اس عمارت میں رہ رہے لگ بھگ 2000 مزدوروں کو عمارت کے مالک ضرورت کے مطابق کھانے کی فراہمی نہیں کرا پائے۔
حکومت کی ہدایات کے مطابق،مہاجر مزدوروں کے کھانے پینے کا انتظام یا تو عمارت کے مالکوں یا ٹھیکہ داروں کو کرنا ہے۔
بائی کالونی کی جس عمارت میں یہ مزدور رہ رہے تھے، اس عمارت کے مالکوں نے مزدروں کے کھانے کےانتظام کے لیے ایک ہوٹل کو ذمہ سونپا تھا۔
مغربی بنگال کے مرشدآباد کے ایک مزدور قبیل نے کہا، ‘کالونی میں ہم لگ بھگ 2000 لوگ ہیں۔ ایک ہوٹل مالک کیسے ہم سبھی کے لیے کھانا تیار کر سکتا ہے؟ کئی لوگوں کو کل کھانا نہیں ملا۔ آج دوپہر بھی ہمیں پورا کھانا نہیں ملا۔’
بائی کالونی کا دورہ کرنے کے بعد ضلع کلکٹر ایس سہاس نے کہا، ‘آپ کو فیک خبروں پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔ لاک ڈاؤن جاری ہے، تو ایسے میں کسی کو بھی کالونی سے باہر نہیں آنا چاہیے۔ ہم آپ سبھی کو آپ کی ریاست واپس بھیجنے کا انتظام نہیں کر سکتے۔ سبھی کے لیے کھانے کا انتظام کیا جائےگا۔’