ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 30 ہزار کے قریب، 939 افراد ہلاک

01:27 PM Apr 29, 2020 | دی وائر اسٹاف

ملک  میں کورونا وائرس متاثرین کی مصدقہ تعداد 30 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ اگلے ایک ہفتے کے اندر یہ تعدادپچاس ہزار سے تجاوز کرجانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق ہندوستان  میں کورونا وائرس سے اب تک 29572 افراد متاثر اور 939 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔  گزشتہ 24 گھنٹے میں اموات کا اب تک کا سب سے زیادہ معاملہ سامنے آیا ہے۔  اس دوران 62 افراد ہلاک اور 1543 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

حکومت کےاعداد و شمار کے مطابق مہاراشٹر میں سب سے زیادہ معاملات سامنے آئے ہیں جہاں کووڈ-انیس کے مریضوں کی تعداد ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ گجرات میں 3500 سے زائد اور دہلی میں 3100 سے زائد معاملات کی تصدیق ہوچکی ہے۔قابل ذکر ہے کہ سوموار شام سے اب تک کل 48 مریضوں کی جان گئی ہے، جن میں سے 27 کی موت مہاراشٹر میں، 11 کی گجرات میں، پانچ کی راجستھان میں، چار کی مدھیہ پردیش میں اور ایک کی موت جموں وکشمیر میں ہوئی۔

سب سے زیادہ 369 لوگوں کی جان مہاراشٹر میں گئی ہے۔ اس کے بعد گجرات میں 162، مدھیہ پردیش میں 110، دہلی میں 54، راجستھان میں 46، آندھرا پردیش اور اتر پردیش میں 31-31 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔تلنگانہ میں 26 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ تمل ناڈو میں 24 تومغربی  بنگال اور کرناٹک میں 20-20 مریضوں نے انفیکشن کی وجہ سے دم توڑ دیا ہے۔

بیماری سے پنجاب میں 18، جموں کشمیر میں سات، کیرل میں چار اور جھارکھنڈ اورہریانہ میں تین تین لوگوں کی موت ہوئی ہے۔وزارت کےاعدادوشمار  کے مطابق، بہار میں دو مریضوں نے دم توڑا ہے، جبکہ میگھالیہ، ہماچل پردیش، اڑیسہ  اور آسام میں ایک ایک مریض کی موت ہوئی ہے۔

ڈی ڈبلیو کی رپورٹ کے مطابق،ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں جس تیز ی سے اضافہ ہورہا ہے اس کے مد نظر اگلے ایک ہفتے میں یہ تعداد پچاس ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔ وزارت صحت کے اعدادو شمارکے مطابق گزشتہ دو دنوں میں متاثرین کی تعداد میں پندرہ فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے۔  پچھلے دو دنوں کے دوران سب سے زیادہ معاملات ممبئی، احمد آباد، نئی دہلی، اندور اور تھانے اضلاع میں سامنے آئے ہیں۔ مریضوں کی مجموعی طورپر 49 فیصد تعداد ان پانچ اضلاع میں ہے۔

ہندوستان  کے مجموعی طورپر 720 اضلاع میں سے 452 اضلا ع میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ سب سے زیادہ معاملات ممبئی میں درج کیے گئے ہیں اس کے بعد احمد آباد کا نمبر ہے۔اس دوران محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کے مطابق تبلیغی جماعت کے نظام الدین میں واقع عالمی مرکز کے اجتماع میں شرکت کرنے والے جن لوگوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی ان میں سے تقریباً 350 افراد نے کورونا سے شدید طورپر متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے اپنا پلازماعطیہ کرنے کی پیش کش کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پلازما تھیراپی علاج کے لیے اب تک 25 سے زائد افراد اپنے پلازما کا عطیہ کرچکے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں دہلی کے قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا تھا اور کووڈ انیس کی بیماری سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں ہندوستان  میں تبلیغی جماعت کے نام پر مسلمانوں کے خلاف کورونا وائرس پھیلانے کا الزام عائد کرکے بدنام کرنے کی ایک منصوبہ بند کوشش کی گئی۔  ٹی وی چینلوں اور اخبارات میں فرضی خبریں شائع کی گئیں اورکئی مقامات پر مسلمانوں پر حملے بھی کیے گئے۔  حالانکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس صورت حال کے مدنظر ایک بیان جاری کرکے کہا کہ کورونا کا کوئی مذہب، نسل، ذات یا علاقہ نہیں ہوتا ہے۔

وزیر اعظم کی اپیل کے باوجود کورونا کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے اور بعض مقامات پر ان کے سوشل بائیکاٹ کی خبریں مسلسل موصول ہورہی ہیں۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)